واشنگٹن: امریکا کی مشہور ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی طلبا کے داخلے پر پابندی کے فیصلے کے خلاف ابتدائی عدالتی جنگ جیت لی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایک وفاقی جج نے اس فیصلے کے خلاف عارضی حکم امتناع جاری رکھا ہے، جس کے تحت ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طالب علموں کے داخلے پر پابندی فی الحال معطل رہے گی۔
یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ اینڈ وزیٹر ایکسچینج پروگرام سرٹیفکیشن منسوخ کر دی تھی اور ادارے کو غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے سے روک دیا تھا۔
ہارورڈ یونیورسٹی نے اس فیصلے کو “غیر قانونی” اور “ادارے اور ملک کے لیے نقصان دہ” قرار دیا تھا۔ یونیورسٹی نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے اس پابندی کے خلاف فوری کارروائی کی درخواست کی تھی۔
عدالت نے اس اقدام پر عمل درآمد روکنے کا فیصلہ دیا، جسے ہارورڈ یونیورسٹی اور ہزاروں غیر ملکی طلبا کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔