معروف ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار اور ہالی وڈ اداکار جان سینا نے ماضی میں جلد کے کینسر کی تشخیص کا انکشاف کرتے ہوئے سن بلاک استعمال کرنے کے فائدے اور نقصانات واضح کردیے۔
سورج کی جھلسا دینے والی دھوپ میں باہر نکلتے وقت عموماً لوگ سن بلاک یا سن اسکرین کا بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں لیکن اس سے ہونے والے فائدے اور نقصانات کو نظر انداز کردیتے ہیں جو کبھی جلد کے کینسر کا سبب بنتی ہیں تو کبھی اس سے حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جی ہاں ایسا ہی انکشاف معروف سابق ریسلر جان سینا نے بھی ماضی کے انٹرویو میں کیا جس نے انکے فینز کو دنگ کردیا۔
جان سینا نے بتایا کہ وہ اس مرض سے دو مرتبہ نجات پا چکے ہیں، پہلا نشان ان کے دائیں پیکٹورل (چھاتی کے) پٹھے پر دریافت ہوا اور ایک سال بعد دائیں کندھے کے قریب دوسرا نشان ملا اور اب ان دونوں دھبوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
ایک موقع پر نجی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے جان سینا نے اپنے فینز کو بتایا تھا کہ وہ امریکا کی ریاست میساچوسٹس میں 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں بڑے ہوئے لیکن کبھی بھی سن اسکرین کا استعمال نہیں کیا، بعد میں جب وہ فلوریڈا منتقل ہوئے، جہاں وہ دھوپ سے محبت کرنے لگے لیکن تب بھی انہوں نے اپنی جلد کی حفاظت کرنے میں غفلت برتی۔
وہ بتاتے ہیں میری یہی روٹین رہی اوردھوپ سے اثرانداز ہونے والے جلدی مسائل پر کان نہ دھرے لیکن جب ایک ماہرِ امراض جلد (ڈرمٹولوجسٹ) سے ایک معمول کے چیک اپ کےلیے ملاقات کی تو مجھ پر جیسے قیامت ٹوٹ گئی۔
جان سینا بتاتے ہیں کہ، ماہر امراض جلد نے معائنے کے دوران میرے دائیں سینے سے سرطان کی تشخیص کی جو میرے لیے کافی حیران کن تھی۔
وہ بتاتے ہیں کہ میں بہت خوش قسمت تھا کہ مجھے ایک اچھا ڈرماٹولوجسٹ ملا جس نے مجھے اس تشخیص سے متعلق خوف کو سنبھالنے میں مدد دی۔
لیکن یہ سب صرف ایک بار ہی نہیں ہوا بلکہ پہلی بار کینسر سے صحتیاب ہونے کے بعد جان سینا ایک بار پھر اس مرض میں مبتلا ہوگئے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ،‘ایک سال بعد، میں دوبارہ چیک اپ کے لیے گیا اور اس بار میرے دائیں کندھے کے قریب ایک اور نشان ہٹایا گیا جو بظاہر ایک سفید دھبے کی طرح تھا۔
اس خصوصی گفتگو میں جان سینا نے یہ بھی واضح کیا کہ اس تشخیص نے انہیں یہ سکھادیا کہ سورج کی شعاعوں سے جلد کو بچانا کتنا اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب، سینا روزانہ خود کی دیکھ بھال کا اہتمام کرتے ہیں، جس میں اعلی SPF والی سن اسکرین لگانا بھی شامل ہے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے وہ بتاتے ہیں کہ،’میں اپنی زندگی کے ایک ایسے مرحلے میں ہوں جہاں یہ سب میرے لیے اہم ہو چکا ہے۔ میں ان دونوں خطرات سے بچنے پر شکر گزار ہوں، لیکن میں ان نشانات کو ایک یاد دہانی کے طور پر پہنے رکھتا ہوں کہ ‘یار، تمہیں روزانہ چند سیکنڈ لینے چاہییں تاکہ خود کو محفوظ رکھ سکو۔’
انہوں نے اپنے فینز کو بھی سن اسکرین لگانے کی تلقین کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ باہر نکلنے سے پہلے سن اسکرین لگانا ایک روزمرہ کی عادت ہونی چاہیے، جیسے دانت صاف کرنا’۔
جان سینا اور WWE:
یاد رہے کہ جان سینا نے گزشتہ سال اعلان کیا کہ 2025 میں وہ ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گے، 2025 میں ریسل مینیا بطور ریسلر ان کا آخری ایونٹ ہو گا۔
جان سینا نے کہا تھا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کام کے دوران کئی مشکلات کا سامنا کیا، لوگوں کی محبت نے آگے بڑھنے میں مدد کی۔
انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے باضابطہ ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2025 کے رائل رمبل، ایلیمینیشن چیمبر اور پھر لاس ویگاس میں ایلجیئنٹ اسٹیڈیم میں ریسل مینیا 41 میں مقابلہ کریں گے۔
وہ 2001ء میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے، ریسلنگ کے علاوہ جان سینا نے کئی ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کیا جن میں ‘فاسٹ ایکس’ اور ‘دی انڈیپنڈنٹ’ قابلِ ذکر ہیں۔