مقبول بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو کی حالیہ جم سے واپسی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جنہوں نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
اداکارہ کے بدلے ہوئے خدوخال اور وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا پر مختلف ردِعمل سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بپاشا باسو 2022 میں ماں بنی تھیں، جس کے بعد ان کے وزن میں واضح تبدیلی دیکھی گئی۔
اس تبدیلی پر بعض صارفین کی جانب سے تنقیدی اور غیر مناسب تبصرے کیے گئے، جب کہ کئی افراد نے اداکارہ کے حق میں آواز بھی بلند کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بپاشا کی ماضی اور حال کی تصاویر پر مبنی میمز گردش کر رہی ہیں، جن میں ان کے وزن میں فرق کو نمایاں کیا گیا ہے۔
ایک بھارتی انفلوئنسر میکش کپور نے ایک تصویر میں بپاشا کو ‘لون کنسلٹنٹ ایجنٹ‘ اور دوسری تصویر میں “لون ریکوری ایجنٹ” کے طور پر طنز کا نشانہ بنایا۔
تاہم، متعدد صارفین نے ان تبصروں کو ناپسند کرتے ہوئے تنقید کو غیر ضروری اور ذاتی نوعیت کی قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ کیا ہم ان باتوں کو ختم کر کے دوسروں کی ذاتی زندگی کا احترام نہیں سیکھ سکتے؟ ہر شخص اپنی جسمانی حالت کے مطابق مختلف ادوار سے گزرتا ہے۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ وہ بھی ایک انسان ہے، کیا ہم سب وقت کے ساتھ نہیں بدلتے؟
ایک خاتون صارف نے بپاشا کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب ایک ماں ہیں، اور یہ تبدیلی ان کے لیے ایک نعمت ہے۔ ہر ماں عزت کی حقدار ہے۔
واضح رہے کہ بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور 2016 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 12 نومبر 2022 کو ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔