بالی وڈ کی سپر اسٹار ممتاز نے ماضی میں ایک معروف شخصیت کی جانب سے شادی کی پیشکش ملنے کا انکشاف کرتے ہوئے، انکار کرنے کی وجہ بھی بتادی۔
اداکارہ ممتاز ایک طویل عرصہ تک اداکاری چھوڑنے کے بعد گمنام رہیں اور اب انہوں نے دوبارہ اپنے نام کو سوشل میڈیا کے ذریعے زندہ کرلیا ہے، نئی نسل ان کے بارے میں بہت کچھ جاننا چاہتی ہے اور وہ بھی نئی نسل کو بہت کچھ بتانا چاہتی ہیں۔
اداکارہ ممتاز 70 کی دہائی میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں، انہوں نے’ دو راستے‘،’ بندھن‘،’ کھلونا‘ اور دیگر کئی سپرہٹ فلموں کے ذریعے بطور مرکزی اداکارہ اپنی پہچان بنائی۔
ایک انٹرویو میں ممتاز نے انکشاف کیا کہ معروف فلم ساز یش چوپڑا نے ایک مرتبہ ان کو شادی کی پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے یہ پیشکش اس وجہ سے ٹھکرا دی کہ وہ اُس وقت اپنے کریئر پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔
ممتاز نے اپنا ماضی یاد کرتے ہوئے کہا کہ یش جی مجھے واقعی بہت پسند کرتے تھے، اُس وقت وہ اپنے بھائی بی آر چوپڑا کے اسسٹنٹ تھے، میں یہ نہیں کہتی کہ میں بہت خوبصورت تھی، بس ٹھیک ٹھاک تھی، اس لیے وہ مجھے پسند کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں اُس وقت جوان تھی اور وہ اسسٹنٹ تھے، اُنہوں نے بڑی شرافت اور تمیز سے مجھے شادی کی پیشکش کی اور کہا کہ ‘موٹی موٹی، آئی لو یو’ اور میں نے کہا ‘نہیں،مجھے کام پر دھیان دینا ہے، میں کچھ بننا چاہتی ہوں۔’
ممتاز کی یش چوپڑا کے لیے تعریف:
ممتاز نے مزید کہا کہ یش بہت ہی اچھے انسان تھے، ان جیسے اچھے انسان اور ہدایتکار بہت کم ہوتے ہیں، ان کا بیٹا آدتیہ بھی آج ایک اچھا ڈائریکٹر ہے لیکن یش جی نے بڑی عزت سے شادی کی پیشکش کی تھی۔
ممتاز نے بتایا کہ ایسا نہیں تھا کہ وہ کوئی چالاکی یا چھیڑخانی کر رہے ہوں، وہ بہت شریف انسان تھے، پھر جب اُن کی شادی ہوئی تو میں اُن کی شادی میں بھی گئی، ہم بہت ہی اچھے دوست تھے۔
ممتاز نے بعد میں 1974 میں کاروباری شخصیت مایور مادھوانی سے شادی کی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔
شادی کے بعد ممتاز نے فلمی دنیا سے 13 سال کا وقفہ لیا، ایک اور انٹرویو میں ممتاز نے اپنے فلم انڈسٹری میں اپنے ممکنہ کم بیک کے بارے میں بات کی اور واضح کیا کہ وہ اسکرین پر بوڑھی خواتین کے کردار ادا کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔
ممتاز نے کہا کہ انہیں ابھی تک ایسا کردار پیش نہیں کیا گیا جو اُن کی شخصیت اور انداز سے میل کھاتا ہو۔ انہوں نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ اگر وہ اسکرین پر کسی کی ماں کا کردار ادا کریں گی تو وہ صرف اسی صورت میں ہوگا جب وہ کردار ان کی توقعات اور وقار کے مطابق ہو۔