بالی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا نے انکشاف کیا ہے کہ حمل کے بعد وزن بڑھنے پر انہیں باڈی شیمنگ کا نشانہ بنایا گیا اور فلموں میں کردار ملنے بھی کم ہوگئے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حمل کے بعد جب ان کا وزن 25 کلو بڑھ گیا، تو انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، تاہم ان کے شوہر اور اداکار انگد بیدی نے انہیں خوبصورت اور خوداعتمادی کے ساتھ جینے کا احساس دلایا۔
نیہا نے فلم انڈسٹری میں مخصوص کرداروں تک محدود کیے جانے پر بھی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے میرے کرئیر کے ابتدائی دنوں میں مخصوص فلموں کی بنیاد پر جانچا گیا، میں نے اجے دیوگن کے ساتھ مشہور فلم ’ قیامت ‘ کی تھی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں مخصوص کردار ہی ادا کرسکتی ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں تھا کہ میں کامیڈی فلموں میں کام نہیں کرسکتی تھی۔
نیہا دھوپیا نے اپنے ایک شو میں کہے گئے متنازعہ جملے ’اٹز ہر چوائس‘ پر تنقید کے حوالے سے بھی بات کی، ان کا کہنا تھا کہ عورت کو اپنی مرضی کے فیصلے کرنے کا حق ہونا چاہئے اور یہی اصل آزادی ہے۔
نیہا نے مزید کہا کہ 40 سال کی عمر میں پہنچ کر انہوں نے خود پر توجہ دینی شروع کردی اور پھر اپنی ذات سے مطمئن ہونا بھی سیکھا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے بچے کو جنم دیا تو میرا وزن 25 کلو بڑھ گیا لیکن میرے شوہر نے مجھے خوبصورت محسوس کروایا۔
وہ ہمیشہ میری تعریف کرتے،میرے ذہن میں چلتا تھا کہ میں بے روزگار ہوں، باہر نکلوں تو لوگ مذاق اُڑاتے ہیں، میرے کپڑے بھی فٹ نہیں آتے، میں بیوٹی پیجینٹ کے پس منظر سے آئی ہوں تو یہ باتیں واقعی فرق ڈالتی تھیں۔
نیہا نے بتایا کہ جھوٹ نہیں بولوں گی لیکن اب 40 کی عمر میں مجھے لگتا ہے کہ یہ سب فضول تھا اور آج میں اپنی بہترین حالت میں ہوں، آج میں خود کو سب سے زیادہ پرکشش محسوس کرتی ہوں۔
نیہا اور انگد نے خاموشی سے ایک گردوارے میں شادی کی تھی، جس کی خبر نے سب کو حیران کر دیا تھا، انکے ہاں پہلے بیٹی کی نومبر 2018 میں پیدائش ہوئی جسکا نام مہر دھوپیا بیدی رکھا جس کے بعد بیٹا گریک سنگھ دھوپیا بیدی2021 میں پیدا ہوا۔
اس وقت نیہا روڈیز ایکس ایکس کا حصہ ہیں، جہاں وہ گینگ لیڈر کے طور پر پرنس نرولا، الوش یادو، ریا چکرورتی اور گوتم گلٹی کے ساتھ کام کر رہی ہیں، شو کی میزبانی رنوِجئے سنگھا کر رہے ہیں اور یہ یکم جون کو اختتام پذیر ہوچکا ہے۔