ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار دھنوش اور فلم ساز ایشوریا رجنی کانت جو سال 2024 میں قانونی طور پر الگ ہو گئے تھے طلاق کے بعد اپنے بڑے بیٹے یاترا کی گریجویشن کی تقریب میں ایک ساتھ نظر آئے۔
حال ہی میں یاترا کے اسکول میں منعقد ہونے والی اس تقریب نے دھنوش کے مداحوں کیلئے ایک جذباتی لمحہ پیش آیا جب اداکار اپنی سابقہ اہلیہ کے ہمراہ اسٹیج پر بیٹے یاترا کے تعلیمی سنگ میل کو سپورٹ کرنے اور جشن منانے کے لیے اکٹھے ہوئے۔
طلاق کے باوجود دھنوش اور ایشوریا اپنے بیٹے کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے جس کے بعد فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئےاداکار نے گریجویشن سیرمنی کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔
انسٹاگرام پر جاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھنوش اور ایشوریا اپنے بیٹے یاترا کو محبت بھرے انداز میں گلے لگاتے ہوئے اس کی شاندار کامیابی کا جشن منارہے ہیں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ کو کیپشن دیتے ہوئے اداکار دھنوش نے ‘پراؤڈ پیرنٹس‘ کے ساتھ اپنے بیٹے کے نام کا ہیش ٹیگ #یاترا‘ کے کیپشن میں دل والے ایموجیز بھی شامل کیے جس نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔
تصاویر میں دھنوش ایک کلاسک سفید شرٹ اور سیاہ پتلون میں نظر آئے جبکہ ایشوریا نے ایک سادہ اور خوبصورت آف وائٹ لباس زیب تن کیا تھا۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گریجویشن گاؤن اور ٹوپی میں ملبوس یاترا کے ساتھ پوز دیتے ہوئے دونوں والدین کے چہروں پر فخر کے تاثرات تھے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے بلکہ سابق جوڑا پہلے بھی اپنے بچوں کے لیے عوامی تقریبات میں ایک ساتھ نظر آتا رہا ہے۔
پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے صارفین کا کہنا تھا کہ شادی ختم ہونے کے باوجود بھی ایسی تقریبات میں دھنوش اور ایشوریا کی مسلسل موجودگی یاترا اور ان کے چھوٹے بیٹے لنگا کی مشترکہ پرورش کے لیے ان کی وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔
دھنوش اور ایشوریا کی طلاق
اداکار دھنوش اور ایشوریا نے جنوری 2022 میں اپنی علیحدگی کا اعلان کرنے سے پہلے 18 سال تک شادی شدہ زندگی گزاری۔
انہوں نے اپریل 2024 میں باضابطہ طور پر طلاق کے لیے درخواست دائر کی جسے عدالت کی جانب سے اسی سال نومبر میں حتمی شکل دی گئی اگرچہ دونوں طلاق کے بعد اپنی ذاتی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں لیکن اپنے بچوں کیلئے ہر موقع پر پیش پیش نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ کام کے محاذ پر اداکار دھنوش اپنی فلم ‘کُبیرا’ کی ریلیز کا انتظار کررہے ہیں جس کے ساتھ اور وہ اپنے ہدایت کاری کے منصوبے ‘اڈلی کدائی’ کے پوسٹ پروڈکشن کے کام میں بھی مصروف ہیں۔
دوسری جانب ایشوریا نے حال ہی میں فلم ‘لال سلام’ کی ہدایت کاری کی ہے اور ابھی تک انہوں نے اپنی اگلی فلم کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کیں۔