شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہو گئیں، تاہم ہوا میں نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت بدستور زیادہ محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت میں معمولی کمی کا امکان ہے جب کہ موسم گرم و مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ شہریوں کو نمی کے باعث معمول سے زیادہ گرمی محسوس ہو سکتی ہے۔
آج کراچی میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، جن کی رفتار 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہواؤں کی بحالی سے موسم میں قدرے بہتری کی امید ہے، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 80 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید مرطوب موسم کے پیش نظر خود کو ہائیڈریٹ رکھیں، دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں اور موسمی حالات کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کریں