پاکستانی ڈراما سیریل ‘من مست ملنگ’ میں تواتر سے آنے والے رومانوی سینز کے سبب ناظرین نے دانش تیمور کے کردار پر سوال اٹھا دیے۔
سال 2005 میں ایک ہارر ڈرامے ‘مسٹری سیریز’ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے دانش تیمور کا شمار ان باصلاحیت فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت کم عرصے میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔
صرف ڈراموں تک ہی انکی صلاحتیں محدود نہ رہیں بلکہ سال 2015 میں یاسر جسوال کی تھرلر فلم ‘جلیبی’ میں کام کر کے فلمی دنیا میں انٹری دی اور پھر 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘رانگ نمبر’ میں بھی کام کیا جبکہ 2017 میں وہ ‘مہرونسا وی لَو یو’ میں اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔
ان دنوں دانش تیمور کا جیو ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈراما ‘من مست ملنگ’ یوٹیوب پر اب تک 500 ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکا ہے۔
ڈرامے کی ابتدائی اقساط کو مثبت ردِعمل ملا اور شوخ سے دیکھا جانے لگا لیکن گزشتہ چند اقساط میں تواتر سے نازیبا سینز دیکھنے کو مل رہے ہیں جن سے ناظرین اب تنگ آچکے ہیں۔
کہانی کبیر خان (دانش تیمور) اور ریا اصغر علی (سحر ہاشمی) کے گرد گھومتی ہے جو ایک حادثے کے بعد دشمن خاندانوں میں بدل جاتے ہیں۔
دانش تیمور بطور ‘کبیر’ ایک جنونی عاشق کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کے کردار کی شدت کے ساتھ ساتھ ڈرامے میں شامل رومانوی مناظر کو بے حد بولڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
قسط نمبر 41 کے ایک سین میں کبیر، ریا کو زبردستی پکڑ کر رقص کرتا نظر آیا تھا جسے ناظرین نے نہ صرف ناپسند کیا بلکہ اسے ہراسانی سے تعبیر بھی کیا تھا۔
اب نئی قسط میں بھی بولڈ سینز کو شامل کیا گیا ہے جنکو دیکھ کر ناظرین اب دانش تیمور کے کردار پر ہی سوال اٹھانے لگے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘سمجھ نہیں آتا دانش تیمور شادی شدہ ہوتے ہوئے ایسے بیہودہ ڈرامے کیوں کیے جارہے ہیں؟’ ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘دانش تیمور کو ایسے نازیبا سین فلماتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔’
ایک ناقد نے لکھا کہ ‘دانش تیمور ڈراما سائن کرنے سے پہلے شرط رکھتے ہونگے کہ گندے سینز شوٹ کرنے ہوں گے لازمی’ جبکہ ایک اور ناقد نے لکھا کہ ‘دانش تیمور تو پاکستانی عمران ہاشمی بن چکے ہیں۔’