بالی وڈ اداکار عمران خان کی سابقہ اہلیہ اونتیکا ملک کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے عمران خان سے اپنی شادی بچانے کیلئے لاکھ جتن کیے۔
امریکی ریاست وسکونسن میں پیدا ہونے والے اداکار عمران خان نے بالی وڈ میں ایک چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے قدم رکھا اور فلم’قیامت سے قیامت تک’ اور’جو جیتا وہی سکندر ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
بالی وڈ میں ایک ہیرو کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم ‘جانے تو یا جانے نہ’نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔
کریئر کے علاوہ ازدواجی زندگی کی بات کریں تو عمران خان نے سال 2011 میں اونتیکا ملک سے شادی کی تھی جس کے ٹھیک 8 سال بعد جوڑے نے 2019 میں ایک دوسرے سے باضابطہ طور پر طلاق لے لی۔
عمران اور اونتیکا کی ایک بیٹی بھی ہیں جن کا نام عمارہ عمران خان ہے اگرچہ جوڑے کے درمیان سال 2019 سے علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں تھیں تاہم اس حوالے سے عمران اور اونتیکا دونوں نے عوامی طور پر کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔
صرف یہی نہیں ایک طویل عرصے تک خاموشی برقرار رکھتے ہوئے جوڑے نے باضابطہ طور پر اپنی طلاق کی اطلاع مداحوں کو سال 2023 میں ایک مشترکہ اعلان کی صورت میں دی تھی جس نے پرستاروں کو کافی افسردہ کردیا تھا۔
عمران سے علیحدگی پر اونتیکا کا بیان:
اب حالیہ بیان میں اونتیکا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ رشتہ ختم کرنے کے حق میں نہیں تھیں اور انہوں نے اسے بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن کچھ حقائق اور تجربات نے انہیں وہ قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا۔
اونتیکا نے گفتگو کرتے ہوئے اپنی علیحدگی اور اس مشکل مرحلے کے بارے میں کھل کر بات کی، جب وہ خود بھی یہ سمجھ نہیں پائی تھیں کہ وہ کیا محسوس کر رہی ہیں۔
طلاق جیسے مشکل ترین تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ،‘کافی عرصے تک مجھے یقین ہی نہیں آیا کہ عمران سے علیحدگی میری حقیقت بن چکی ہے۔’
انہوں نے بتایا کہ،‘میرا اپنا مزاج بھی ہے کیونکہ میں بہت جذباتی انسان ہوں، دوسرا چونکہ میرے والدین کی شادی نہیں چل سکی تھی، اس لیے مجھے ہمیشہ لگا کہ مجھے اپنی شادی کو ہر حال میں کامیاب بنانا ہے۔’
اونتیکا نے بتایا کہ،‘ میں بہت ضدی ہو گئی تھی اس بات پر کہ جو میری بچپن کی حقیقت تھی، وہ میری جوانی کی حقیقت نہیں بن سکتی، یہ خوف اتنا گہرا تھا کہ رشتہ چھوڑنا بہت مشکل تھا۔’
اور پھر لاکھ جتن کے باوجود طلاق کا دھبہ لگنے اور بیٹی کیساتھ شوہر کا گھر چھوڑنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اونتیکا نے مزید بتایا کہ،‘یہ سب بہت مشکل تھا۔ یہ میری زندگی کا سب سے تکلیف دہ تجربہ تھا۔ ایسا لگتا تھا جیسے اب کچھ بھی سمجھ نہیں آ رہا۔ لیکن میں خود کو بہت خوش نصیب سمجھتی ہوں کہ میرے اردگرد اتنے سارے لوگ تھے جو میرے ساتھ کھڑے رہے۔ میرے دوست، میرے اہلِ خانہ اور میرے رشتہ داروں نے مجھے سنبھالے رکھا یہاں تک کہ میں خود کو سنبھالنے کے قابل ہو سکی۔’
طلاق پر عمران خان کا مؤقف:
یاد رہے کہ خود اداکار عمران خان نے اپنی علیحدگی کے بارے میں فلم فیئر کو ان الفاظ میں بیان دیا تھا کہ،‘میں اس رشتے میں بہت کم عمری میں آیا تھا۔ میں صرف 19 سال کا تھا اور پوری نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ آیا تھا۔ لیکن بعض اوقات جب ایسے طویل المدتی تعلقات کم عمری میں شروع ہوتے ہیں تو ان کے اندر کچھ رویے اور جذباتی ڈھانچے اسی وقت کے مطابق قائم ہو جاتے ہیں۔ جب آپ بڑے ہوتے ہیں تو ضروری نہیں کہ وہ رویے اور جذبات بھی آپ کے ساتھ بڑے ہوں یا بہتر ہوں۔ ’
اداکار کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ شاید ہم ایک دوسرے کو اس انداز میں سہارا نہیں دے سکے جس سے ہم دونوں اپنی بہترین اور صحت مند ترین شکل میں سامنے آتے۔’