پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی اداکارہ، گلوکارہ، نعت خواں اور ٹی وی میزبان جویریہ سعود نے بیٹی جنت کی گریجویشن مکمل ہونے پر مبارکبادی پیغام میں بیٹی سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کردیا۔
حال ہی میں جویریہ سعود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں جنت کے اسکول کی گریجویشن سریمنی کے کلپس شامل تھے۔
کراچی امریکن اسکول سے لی گئی ان جھلکیوں میں جنت کو اپنے کلاس فیلوز اور دیگر طلبہ کیساتھ ڈگری وصول کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بیٹی کے اس خاص دن کو یادگار بناتے ہوئے اداکارہ جویریہ نے انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصاویر کیساتھ کیپشن تحریر کیا اور جنت کو اسکی کامیابی پر خوب مبارکباد دی۔
اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ،‘جنت ہماری جان، تمہیں گریجویشن مکمل کرنے پر بہت بہت مبارک ہو!، یہ کامیابی صرف تمہارا خواب نہیں تھا بلکہ ہمارے لیے بھی ایک خواب کی تعبیر ہے۔’
جویریہ نے مزید لکھا کہ،‘ہمیں تم پر پہلی بار اُس وقت فخر ہوا جب تم نے قرآنِ پاک مکمل کیا، اور آج ہمارا فخر کئی گنا بڑھ گیا ہے، تم ایک فرشتہ ہو جو ہماری زندگیوں کو روشن کرتی ہو، ہمیں تم پر بے حد فخر ہے، شہزادی۔’
انہوں نے اپنے بچوں کیلئے دعائیہ الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،‘اللہ تعالیٰ تمہیں اور ابراہیم کو صحت، رزق اور خوشیوں سے نوازے۔اللہ پاک تم دونوں کو دین و دنیا کی دولت عطا فرمائے اور دونوں جہاں میں کامیاب کرے۔ آمین، ہم تم سے بہت محبت کرتے ہیں۔’
دوسری جانب اداکارہ کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین اور لاکھوں فینز کی جانب سے جنت کو انکی کامیابی پر ڈھیروں مبارکباد مل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ جویریہ سعود جو شادی سے پہلے جویریہ جلیل کے نام سے جانی جاتی تھیں سال 2005 میں فلم اسٹار سعود کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں جن سے انکے دو بچے بیٹی جنت اور بیٹا ابراہیم ہے۔
جویریہ سب سے پہلے 1993 میں بطور کم سن نعت خواں ٹی وی پر دکھائی دیں اس کے بعد سال 1995 میں انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
اپنے کریئر میں انہوں نے ٹیپو سلطان، دی ٹائیگر لارڈ، منزلیں، پیا کا گھر پیارا لگے، کالی آنکھیں، ماں ، تھوڑی خوشی تھوڑا غم جیسے ان گنت ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
جویریہ تقریباً 3 دہائیوں سے ٹی وی سے وابستہ ہیں اور حال ہی میں ان کا ڈرامہ ‘بجو’ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے جس میں ان کی ایک ہی طرح کے کردار کرنے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اداکاری کے علاوہ وہ میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے چکی ہیں انہوں نے رواں برس ایکسپریس ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کی تھی۔
مین اسٹریم میڈیا کے علاوہ اداکارہ سوشل میڈیا پر خاصی متحرک ہیں اور یوٹیوب پر باقاعدگی کے ساتھ اپنے ولاگز اپلوڈ کرتی ہیں اور اپنے فینز کیساتھ ہر لمحہ جڑی رہتی ہیں۔