وکرانت میسی اور شنایا کپور کی آنے والی فلم ‘آنکھوں کی گستاخیاں’ کا پہلا پوسٹرسوشل میڈیا پر جاری کر دیا گیا ہے جس نے دھوم مچادی ہے۔
پوسٹر سے یہ تاثر قائم ہوتا ہے کہ فلم ایک رومانوی ڈرامہ ہے جو 11 جولائی 2025 کو ریلیز ہوگی، اس فلم کو سنتوش سنگھ نے ڈائریکٹ کیا ہے اور زی اسٹوڈیو اور منِی فلمز کے تحت مانسی اور ورون باگلا نے پروڈیوس کیا ہے۔
اس فلم کی کہانی بھارتی مصنف ‘رسکن بانڈ’ کی شارٹ اسٹوری ‘دی آئیز ہیو اٹ’ سے ماخوذ ہے۔
یہ فلم ایک نابینا موسیقار اور تھیٹر آرٹسٹ کے گرد گھومتی ہے جس میں نابینا موسیقار کا کردار وکرانت میسی جبکہ تھیٹر آرٹسٹ کا کردار شنایا کپور نے نبھایا ہے۔
کہانی ٹرین کے سفر کے دوران ترتیب دی گئی ہے، جہاں دونوں کردار ایک دوسرے کی جسمانی شکل کے بارے میں زیادہ جانے بغیر جڑ جاتے ہیں، یہ ایک سادہ لیکن جذباتی محبت کی کہانی ہے جو احساسات، بات چیت اور اس بات پر مرکوز ہے کہ لوگ بغیر بینائی کے کیسے ایک دوسرے سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
اس نئی اور تازہ جوڑی کو اس منفرد رومانوی فلم کے ذریعے اسکرین پر جادو جگاتے دیکھنا دلچسپ ہوگا۔
اس فلم کی شوٹنگ میسوری اور ممبئی کے کچھ حصوں میں کی گئی ہے، اپنے کرداروں کی تیاری کے لیے وکرانت میسی اور شنیا کپور مبینہ طور پر اداکاری کی ورکشاپس بھی لیں۔
فلم کی موسیقی وشال مشرا نے ترتیب دی ہے جو جذباتی موسیقی سے دل جیتنے کے لیے جانے جاتے ہیں، فلم کا بنیادی فوکس تفصیلی اور لطیف جذبات پر مرکوز ہے۔
آنکھوں کی گستاخیاں کا پہلا پوسٹر 4 جون 2025 کو جاری کیا گیا ہے جس میں وکرانت میسی اور شنایا کپور کو ایک کیروسل پر، ایک دوسرے کو جذباتی طور پر پکڑے ہوئے دکھایا گیا ہے جو کہ ایک رومانوی تھیم کو ظاہر کرتا ہے۔
پوسٹر کے بعد اب فلم کا ٹیزر 5 جون 2025 کو ریلیز ہونے والا ہے جبکہ فلم 11 جولائی 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
یہ اداکار سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور کی پہلی فلم ہے، اس لیے ان کی پرفارمنس کے حوالے سے کافی دلچسپی پائی جارہی ہے۔
دوسری جانب وکرانت میسی نے حسین دل ربا اور 12ویں فیل میں اپنے زبردست پرفارمنس کے بعد اپنے لیے ایک اچھا فین بیس بنا لیا ہے اور ان شائقین کو اس فلم اور اداکار سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔
3 نومبر 1999 کو پیدا ہونے والی شنایا کپور نے فلم انڈسٹری میں اپنے سفر کا آغاز فلم گنجن سکسینا: دی کارگل گرل میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا۔
اگرچہ، ابتدائی طور پر وہ کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم سے ایکٹنگ میں ڈیبیو کرنے والی تھیں لیکن وہ منصوبہ ختم ہو گیا اور اب وہ آنکھوں کی گستاخیاں کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھنے کو تیار ہیں۔
فلموں کے علاوہ، وہ گرو رندھاوا کی ایک میوزک ویڈیو میں بھی نظر آ چکی ہیں، جو 16 مئی 2025 کو یوٹیوب پر ریلیز ہوئی تھی۔