بالی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان فی الحال ایک فٹ بال کوچ کے روپ میں رواں ماہ سینما گھروں کی اسکرین پر جلوہ دکھانے والے ہیں۔
تاہم اس کے بعد نے وہ جلد ہی ایک سپر ہیرو کے روپ میں بھی اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
حال ہی میں عامر خان نے تامل ہدایت کار لوکیش کنگراج کے ساتھ ایک سپر ہیرو فلم کے لیے ہاتھ ملایا ہے، اداکار نے اپنی آنے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی تشہیر کے دوران ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اس پیشرفت کی تصدیق بھی کی ہے۔
اداکار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اس خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ ‘لوکیش اور میں ایک ساتھ ایک فلم پر کام کر رہے ہیں، یہ ایک سپر ہیرو فلم ہے، ایک بڑے پیمانے کی ایکشن آؤٹنگ’۔
عامر خآن نے مزید بتایا کہ وہ پہلے ہی فلم سائن کر چکے ہیں اور اس کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ برس ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا فلم کی شوٹنگ 2026 کی دوسری ششماہی میں شروع ہو گی، ہم دونوں نے اسے سائن کر لیا ہے، میں اس سے زیادہ اس پروجیکٹ کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتا۔
اس سپر ہیرو پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے عامر خان اور لوکیش کنگراج دونوں اپنے موجودہ وعدوں کو پورا کریں گے۔
جہاں فلمساز اپنی آنے والی فلم ‘قلی’ کی ریلیز کے بعد کارتی کے ساتھ ‘کیتھی 2’ پر کام شروع کرنے والے ہیں، وہیں عامر خان راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘دادا صاحب پھالکے’ کی بائیوپک کو مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ عامر لوکیش کنگراج کی ‘قلی’ میں بھی ایک خاص کردار ادا کریں گے، جس کی شوٹنگ پہلے ہی ہوچکی ہے۔
اس فلم کا مرکزی کردار ساؤتھ انڈین لیجنڈ رجنی کانت نبھا رہے ہیں، یہ فلم 14 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔