بالی وڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں سے ایک دیپیکا پڈوکون آج کل اپنے کام کی ترجیحات کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔
اداکارہ اس وقت سرخیوں کا حصہ بنیں جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ انہیں سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ‘اسپرٹ’ سے نکال دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دیپیکا کی فلم اسپرٹ سے علیحدگی کی وجہ ان کا 20 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ اور کام کے لیے مخصوص 8 گھنٹے کا شیڈول بنا۔
جس کے بعد اس سے کئی گنا کم معاوضے پر اداکارہ ترپتی دمری کو اسپرٹ کے لیے سائن کرلیا گیا جو اس سے قبل سندیپ ریڈی وانگا کی ہی فلم اینیمل کے ذریعے شہرت کی بلندیوں تک پہنچی تھیں۔
یہ بازگشت ابھی تھمی نہیں تھی کہ اب نئی رپورٹس سامنے آئی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دیپیکا کو اسپرٹ کے بعد فلم کالکی سے بھی نکال دیا گیا ہے۔
حال ہی میں ایک انسٹاگرام ہینڈل، بالی ووڈ ڈاٹ موبی کی ایک رپورٹ نے انکشاف کیا گیا کہ دیپیکا پڈوکون کو فلم کالکی 2 سے ان کے کام کے اوقات کم کرنے کے مطالبات کی وجہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دیپیکا کے ماں بننے بعد کام کے مختصر دورانیے کی خواہش ان کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
اسی پوسٹ نے مزید کہا کہ کالکی 2 کے بنانے والوں نے دراصل فلم سے دیپیکا کا حصہ ہٹانے پر غور کیا ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ دیپیکا پڈوکون کا فلم کی ٹیم اور ان کے ساتھی اداکار پربھاس کے ساتھ جھگڑا تھا، جس کی وجہ سے ٹیم نے انہیں فلم سے ہٹا دیا۔
تاہم کالکی 2 کی ڈیولپمنٹ ٹیم کے قریبی ذرائع نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ذرائع نے انکشاف کیا کہ فلم ابھی بھی پری پروڈکشن کے مرحلے میں ہے، اور کاسٹ کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی۔
ذرائع نے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ دیپیکا کو سیٹ پر ہونے والے جھگڑے کی وجہ سے فلم سے ہٹا دیا گیا تھا۔
ذرائع نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ابھی میکرز نے اداکاروں سے رابطہ نہیں کیا ہے کیونکہ ابھی فلم کو شکل دینے پر کام جاری ہے ابھی کوئی شوٹ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی بات چچیت ہوئی اور اس وجہ سے کوئی جھگڑا ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا’۔
کالکی 2 سے دیپیکا پڈوکون کے مبینہ طور پر ہٹائے جانے کی خبروں کی گونج ڈسکشن پلیٹ فارم ریڈاٹ تک پہنچ گئی، جیسے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس رپورٹ کو شیئر کیا گیا، نیٹیزنز نے اس پر ردعمل دینا شروع کر دیا۔
کچھ لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ یہ کیسے درست ہوسکتا ہے کہ اداکارہ کو اس کے آنے والے پروجیکٹس سے بیک ٹو بیک ہٹا دیا گیا ہو جبکہ دیگر اس پوری صورتحال کو پی آر گیم قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘دوست، یہ ریورس پی آر ہے،ان پر یقین نہ کریں، اگر کالکی کا سیکوئل بننا ہوتا تو اس میں ڈی پی ضرور ہوتی’۔