بالی وڈ کے ‘بادشاہ’ شاہ رخ خان نے ایک بار پھر اپنی بیٹی سہانا خان پر فخر کا اظہار کیا ہے، جو حال ہی میں ‘ایڈیڈاس انڈیا’ کے ساتھ ایک نئی تشہیری مہم کا حصہ بنی ہیں۔
سہانا خان اور ایڈیڈاس انڈیا کی مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں سہانا خان کو اسپورٹس ٹراؤزر اور جوگرز پہنے پُراعتماد اور لچکدار انداز میں پوز دیتے دیکھا گیا۔
شاہ رخ خان، جو اپنی بیٹی کی کامیابیوں پر ہمیشہ فخر محسوس کرتے ہیں، انہوں نے اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ‘Looking so good’، یعنی ‘بہت خوبصورت لگ رہی ہو’۔
اپنے والد شاہ رخ خان کے محبت بھرے کمنٹ کے جواب میں سہانا نے بھی محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ‘Love youu’
یہ پوسٹ صرف باپ بیٹی کے درمیان محبت بھرے جملوں کے تبادلے تک محدود نہیں رہی، بلکہ سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھی سہانا کے نئے انداز کی بھرپور تعریف کی۔
اداکاری کے میدان میں سہانا کا سفر
واضح رہے کہ سہانا خان نے دسمبر 2023 میں زویا اختر کی نیٹ فلکس فلم ‘دی آرچیز’ سے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اس فلم میں ان کے ساتھ خوشی کپور، اگستیہ نندا، مہیر آہوجہ اور دیگر نوجوان اداکار بھی شامل تھے، فلم کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا تھا اور سہانا کی کارکردگی کو خاصی پذیرائی ملی تھی۔
سہانا جلد ہی اپنے والد شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گی، اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض آغاز میں سوجوئے گھوش نے سنبھالے تھے، تاہم اب اسے سدھارتھ آنند ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں کئی بڑے نام شامل ہیں جن میں جیکی شروف، انیل کپور، رانی مکھرجی، ارشد وارثی، ابھیشیک بچن، دیپیکا پڈوکون، جیدیپ اہلاوت اور ابھے ورما شامل ہیں۔