معروف پاکستانی اداکارہ، پروڈیوسر اور ٹی وی ہوسٹ حریم فاروق ایک متنازع فوٹو شوٹ کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔
حریم فاروق اپنی جاندار اداکاری، نفیس شخصیت اور معیاری ڈراموں کی بدولت لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔
ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، انہوں نے ماضی میں ‘دیارِ دل’، ‘صنم’، ‘میرے ہم دم میرے دوست’، ‘میں خیال ہوں کسی اور کا’ اور ‘دوسری بیوی’ جیسے مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلمی دنیا میں بھی انہوں نے ‘پرچی’ اور ‘ہیر مان جا’ جیسی فلموں میں نہ صرف شاندار اداکاری کی بلکہ انہیں پروڈیوس بھی کیا۔
تاہم حالیہ دنوں حریم فاروق دبئی میں ہونے والے ایک بولڈ فوٹو شوٹ کے سبب سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
اس شوٹ میں اداکارہ نے زرد اور گلابی رنگ کی جارجٹ کی ساڑھی زیب تن کی تھی جس کے ساتھ انہوں نے مختصر اور چست بلاؤز پہنا جبکہ زلفیں کھلی چھوڑے رکھیں۔
فوٹو شوٹ کے دوران حریم نے خوداعتمادی سے پوز دیے، تاہم ساڑھی کے ساتھ بلاؤز کی بےڈھنگی فٹنگ اور ڈیزائن نے سوشل میڈیا صارفین کو کراہت میں مبتلا کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اس فوٹو شوٹ کی تصاویر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ٹی وی پر آتے ہی سب کو ننگا ہونے کا شوق چڑھ جاتا ہے’ جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ ‘یہ کوئی ڈیزائن نہیں ہے، جان بوجھ کر ایسا بلاؤز پہنا ہے’۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘یہ لوگ جتنا مشہور ہوتے ہیں، اتنے ہی چھوٹے کپڑے پہننا شروع کر دیتے ہیں’۔
ایک اور شخص نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘مجھے لگا کوئی انڈین اداکارہ ہے، ویڈیو دیکھی تو دُکھ ہوا کہ پاکستانی ہے’۔
متعدد صارفین نے اس بات پر ناراضی ظاہر کی کہ حریم فاروق جیسی مہذب اور پروفیشنل اداکارہ سے وہ ایسی بولڈ اور متنازع تصاویر کی توقع نہیں رکھتے تھے۔
تاحال حریم فاروق نے اس معاملے پر کوئی وضاحت یا ردِعمل نہیں دیا، مگر سوشل میڈیا پر اس فوٹو شوٹ سے متعلق بحث شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو اپنی شخصیت اور شہرت کا بھرم قائم رکھنا چاہیے، جبکہ کچھ مداحوں نے ان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنی مرضی سے لباس پہننے کا حق حاصل ہے۔
حریم فاروق کی ساڑھی میں تصاویر یہاں دیکھیں؛



