آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے ان کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلین میکسویل اب اپنی تمام تر توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 پر مرکوز رکھیں گے۔
ون ڈے کیریئر پر ایک نظر
گلین میکسویل نے اپنے 13 سالہ ون ڈے کریئر میں 149 میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
انہوں نے3,990 رنز اسکور کیے جن میں 4 سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
کرکٹر کا اسٹرائیک ریٹ 125 سے زائد رہا، جو کہ ون ڈے فارمیٹ میں غیر معمولی سمجھا جاتا ہے،انہوں نے بطور آف اسپن بولر 69 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
میکسویل کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں مہارت نے انہیں جدید دور کے بہترین آل راؤنڈرز میں شامل کیا۔
افغانستان کے خلاف یادگار اننگز
گلین میکسویل کے کریئر کی سب سے یادگار کارکردگی ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے خلاف دیکھی گئی۔
ایک مشکل صورتحال میں جب آسٹریلیا تقریباً شکست کے دہانے پر تھا اور میکسویل خود بھی فِٹنس مسائل کا شکار تھے، تب انہوں نے ایک ناقابلِ یقین اننگز کھیل کر تاریخ رقم کی۔
انہوں نے 128 گیندوں پر 201 رنز اسکور کیے جس میں 10 چھکے اور21 چوکے شامل تھے۔
مکسویل نہ صرف آسٹریلیا کو فتح دلائی بلکہ ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی بھی دلوائی۔
یہ اننگز کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین ون ڈے اننگز میں شمار کی جاتی ہےاور کرکٹ کے شائقین کو مدتوں یاد رہے گی۔
گلین میکسویل: جدید کرکٹ کا ‘انٹینس آل راؤنڈر’
میکسویل کو اکثر ان کی جارح مزاجی، انوکھے شاٹس اور میدان میں مثبت توانائی کی وجہ سے “The Big Show” کہا جاتا ہے۔
انہوں نے نہ صرف بیٹنگ اور بولنگ میں آسٹریلیا کو میچز جتوائے بلکہ فیلڈنگ میں بھی بے شمار کیچز اور رن آؤٹس کے ذریعے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
انہوں نےآسٹریلیا کے لیے 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا،فرنچائز کرکٹ میں بھی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،آئی پی ایل، بی بی ایل اور دیگر لیگز میں مستقل طور پر نمایاں رہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کا سفر
اب جب کہ میکسویل نے ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے، ان کی نظریں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اور 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ جسمانی طور پر خود کو صرف ایک فارمیٹ کے لیے بہتر رکھنا چاہتے ہیں تاکہ ٹیم کو مکمل کارکردگی فراہم کر سکیں۔