تازہ تر ین

سنجے کپور کی رخصتی سے قبل کی جھلک منظر عام پر

کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور سونا کومسٹار کے چیئرمین سنجے کپور کی آخری تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سامنے آئی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوجن انڈین ٹائیگرز پولو ٹیم نے یہ تصویر شیئر کی، تصویر میں سنجے خآصے پرجوش اور خوش دکھائی دے رہے تھے، انہوں نے گہرے نیلے رنگ کی جرسی پہن رکھی تھی اور وہ مسکراتے ہوئے ساتھی جیسل سنگھ کی گردن میں بازو ڈالے نظر آئے۔

اس تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ‘آج ہم اپنے پیارے دوست سنجے کپور کی یاد میں کارٹیئر ٹرافی کا فائنل کھیل رہے ہیں، جن کا کچھ روز قبل میدان میں افسوسناک طور پر انتقال ہو گیا تھا، ہمارے کپتان اور سرپرست، جیسل سنگھ بھی اپنے پیارے پرانے دوست سنجے کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے لیے ٹیم کے ساتھ میدان میں کھڑے ہوں گے لیکن بطور احترام وہ میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

نوٹ میں بتایا گیا کہ ‘سنجے اور جیسل کی یہ تصویر کچھ دن پہلے سیمی فائنل کھیلنے کے لیے تیار ہونے سے چند لمحے قبل لی گئی تھی، سنجے؛ آپ بہت یاد آئیں گے، آپ کے انتھک جوش اور سرپرستی کو پوری پولو کمیونٹی ہمیشہ کے لیے یاد رکھے گی’۔

اس پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ایک شخص نے لکھا کہ ‘پولو کے لیے زبردست جذبہ رکھنے والا ایک سچا شریف انسان، انہیں بہت یاد کیا جائے گا’ ایک اور تبصرے میں لکھا تھا کہ سنجے، آپ کے بغیر زندگی پہلے جیسی نہیں ہوگی’۔

خیال رہے کہ 53 سالہ سنجے کپور کا انتقال 12 جون کو پولو کھیلتے ہوئے انگلینڈ میں ہوا تھا۔

ان کے دوست سہیل سیٹھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کے بارے میں بتایا تھا کہ صنعتکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جس کی وجہ کھیل کے دوران ان کے منہ میں جانے والی شہد کی مکھی بنی۔

خیال رہے کہ 2003 میں شادی کرنے والے سنجے اور کرشمہ کپور 2005 میں بیٹی سمیرا اور 2011 میں بیٹے کیان کے والدین بنے تھے۔

2014 میں کرشمہ اور سنجے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی اور ان کی طلاق 2016 میں طے پائی۔ علیحدگی کے بعد سنجے نے پریا سچدیو سے شادی کرلی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain