پریانکا چوپڑا وہ عالمی ستارہ ہیں جو بالی وڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ کے پروجیکٹس میں بھی خاصی مصروف ہیں اور بیرونِ ملک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
تاہم حال ہی میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ان کی ننھی بیٹی مالتی اپنی سپر اسٹار ماں سے بھی زیادہ مصروف ہیں۔
پریانکا طویل عرصے بعد بالی وڈ میں اپنی واپسی کررہی ہیں اور اس وقت معروف ساؤتھ انڈین ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے لیے وہ اکثر بھارت اور نیویارک کے درمیان سفر کررہی ہوتی ہیں۔
دوسری جانب ان کے شوہر اور امریکی گلوکار و اداکار نک جونس براڈوے پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
تاہم ان مصروف والدین کی بیٹی مالتی میری چوپڑا جونس کہاں مصروف ہیں؟
اداکارہ اگرچہ اب اپنی بیٹی کی تصاویر شیئر نہیں کرتیں لیکن انہوں نے ہمیں مالتی کی پہلی رولر کوسٹر سواری کی ایک جھلک دکھائی، ساتھ ہی یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کی ساڑھے تین سالہ بیٹی نے اسکول جانا شروع کر دیا ہے۔
پریانکا نے چند روز قبل اپنی آنے والی ہالی وڈ فلم ‘ہیڈز آف اسٹیٹ’ کی تشہیر کے لیے جمی فالن کے ‘دی ٹونائٹ شو’ میں شرکت کی۔
اس شو سے وائرل ہونے والئ کلپ میں جمی فالن پریانکا کی بیٹی مالتی میری چوپڑا جونس کے بارے میں بات کرتے ہوئے نظر آئے۔
جمی نے مالتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں اس سے ملا تھا، وہ بے حد پیاری، خوش مزاج اور دلچسپ بچی ہے، سب کیسا چل رہا ہے؟۔
اس پر پریانکا نے کہا کہ ‘وہ غیر معمولی اور سمجھدار بچی ہے مزاحیہ باتیں کرتی ہے اور وہ جانتی ہے کہ وہ مذاق کررہی ہے اور یہ بات اسے اور بھی خاص بناتی ہے لیکن وہ ہماری زندگی کی روشنی ہے، یہ ہمارے لیے ایک حیرت انگیز وقت ہے، نک گزشتہ پانچ سالوں سے براڈوے پر ہیں۔’
یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ براڈوے نیویارک کا مشہور تھیٹر ڈسٹرکٹ ہے جو لائیو اسٹیج شوز اور میوزیکل تھیٹرز کیلئے مشہور ہے، اس کا شمار دنیا کے باوقار اسٹیج پلیٹ فارمز میں ہوتا ہے جہاں پرفارم کرنا اداکار کے کریئر میں ایک کامیابی سمجھا جاتا ہے۔
شو میں پریانکا نے مزید کہا کہ براڈوے میں نک کا یہ آخری ہفتہ ہے اور وہ خود بھارت اور نیویارک کے درمیان سفر کررہی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ‘آج کل ہم ایسٹ کوسٹ میں قیام پذیر ہیں اور مالتی یہاں ایک اسکول جا رہی ہے جہاں اس کے دوستوں کا ایک چھوٹا سا گروپ ہے اور اس کا شیڈول مجھ سے بھی زیادہ مصروف ہے’۔
پریانکا نے فخر سے اپنی بیٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ بہت سی کلاسز لے رہی ہے، بچے آج کل بہت سی سرگرمیوں میں شامل ہوتے ہیں، نہ صرف تعلیمی طور پر بلکہ مالتی سماجی طور پر بھی آگے بڑھ رہی ہے’۔
مالتی کے بارے میں بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ دوسرے بچوں کے ساتھ گھلنا ملنا چاہتی ہے، وہ باقاعدہ کہتی ہے کہ کیا آپ میری بہترین دوست کی والدہ کو ٹیکسٹ کریں گی؟ میں اس سے کل ملنا چاہتی ہوں، یہ بہت پیاری بات ہے’۔
پریانکا نے یہ بھی شیئر کیا کہ مالتی میری کا پسندیدہ گانا، بلکہ اُس کا مارننگ سونگ، روز اور برونو مارس کا گانا APT ہے۔
جب جمی نے پوچھا کہ کیا وہ اپنے والد یا جونس برادرز کا کوئی گانا سنتی ہے، تو پریانکا نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ‘میرا خیال ہے کہ وہ اُنہیں پہچانتی نہیں لیکن وہ اُنہیں ‘ڈونٹ برادرز’ کہتی ہے۔