تازہ تر ین

بنگلہ دیش کیخلاف سیریز، شاداب ٹیم سے باہر

رواں ماہ شیڈول دورہ بنگلا دیش سے قبل پاکستانی ٹیم فٹنس مسائل کا شکار ہوگئی، نائب کپتان شاداب خان سیریز سے باہر ہوگئے جبکہ فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں، دونوں فاسٹ بولرز کی شمولیت غیر یقینی کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان رواں ماہ تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہونا ہے، البتہ تیاریاں فٹنس مسائل کی زد میں آگئی ہیں، کئی اہم کھلاڑی باہر ہو سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تربیتی کیمپ کا آغاز 8 جولائی سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، کندھے کی تکلیف میں مبتلا نائب کپتان شاداب خان کو ڈاکٹرز نے سرجری کا مشورہ دیا ہے، وہ تقریبا تین ماہ تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔

اسی طرح فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں، سلیکشن کمیٹی نوجوان اور مکمل فٹ متبادل پلیئرز کو آزمانے پر غور کر رہی ہے۔

کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی مشاورت سے منتخب کردہ اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ ترجیح دی گئی۔

لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے پیسر سلمان مرزا کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے، انہوں نے گذشتہ پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف چار میچز میں 9 وکٹیں حاصل کیں، اوسط 15.00 رہی۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم کی شمولیت بھی متوقع ہے، وہ اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 18 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، فاسٹ بولر حارث رؤف کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا تاہم وہ تینوں میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔

دوسری جانب سابق کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اس سیریز کے لیے بھی سلیکٹرز کے پلان میں شامل نہیں ہیں، تینوں کو بنگلا دیش کے خلاف آخری ہوم سیریز میں ڈراپ کیا گیا تھا۔

پاکستانی اسکواڈ 16 جولائی کو ڈھاکا پہنچے گا، تمام میچز شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز 20 جولائی کو ہوگا، باقی دو میچز 22 اور 24 جولائی کو ہونا ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain