بالی وڈ کے مشہور گانے ’ کانٹا لگا‘ کی اداکارہ شیفالی جریوالہ کی اچانک موت اور اس کے بعد کی جانے والی چہ مگوئیوں پر بالی وڈ بیبو کرینہ کپور کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
شیفالی جریوالا گزشتہ ہفتے 42 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، 27 جون کو شیفالی کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا۔
2 روز قبل شیفالی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بلڈپریشر میں تیزی سے کمی اور ہارٹ اٹیک کو ان کی موت کی وجہ قرار دیا گیا تھا جس کے بعد شیفالی کی گہری دوست اداکارہ پوجا گھئی نے بتایا تھا کہ ’مرنے سے قبل شیفالی نے دوپہر کے وقت وٹامن سی آئی وی ڈرپ لگائی تھیں‘۔
اداکارہ شیفالی کے اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کے مبینہ استعمال سے متعلق کی جانے والی چہ مگوئیوں کے دوران کرینہ کپور کا ردعمل سامنےآیا ہے۔
حا ل ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کرینہ کپور نے بتایا کہ’ میں بوٹوکس کے خلاف ہوں، میں ایک اچھے انداز میں خود کو محفوظ رکھنے کی قائل ہوں، ایک ایسا انداز جو کہ صحت مند ہو جس سے میں اچھا محسوس کروں حتیٰ کہ قدرتی علاج ہو‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے نزدیک خود کو بچانے کا مطلب خود کو حتیٰ کہ اپنی صلاحیتوں کو محفوظ رکھنا ہے اور یہی میرا ہتھیار ہے‘۔
کرینہ کا کہنا تھا کہ ’چھٹیاں منانا ، دوستوں اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنا، سیٹ پر رہنے کے ساتھ ساتھ دیگر مشاغل میں مصروف رہنا اپنے لیے بہتر سمجھتی ہوں اور یہی وہ تمام چیزیں ہیں جن کیلئے میں موجود ہوں‘۔