بالی وڈ اسٹار عامر خان کو اپنی فلم ’ستارے زمین پر ‘ کی کامیابی پر باکس آفس کے باپ کا ایوارڈ دے دیا گیا ہے۔
عامر خان کی فلم ‘ستارے زمین پر‘ باکس آفس پر زبردست کامیابی کے ساتھ چھا گئی حالانکہ اسے کاجول کی’ ماں‘ اور وشنو مانچو کی’ کنپا‘ جیسی نئی ریلیز ہونے والی فلموں سے مقابلہ درپیش تھا۔
اس بڑی کامیابی کے بعد عامر خان کو ایک خاص اعزاز سے نوازا گیا، جس کا خطاب ’باکس آفس کا باپ ‘ تھا۔
سَکنِلک کے مطابق، ’ستارے زمین پر‘ نے ریلیز کے 15 دنوں میں بھارت میں تقریباً 137.80 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
فلم کی ریلیز سے پہلے عامر خان نے انکشاف کیا تھا کہ فلم کو کسی بھی اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر جاری نہیں کیا جائے گا، یعنی یہ صرف سینما گھروں کے لیے مخصوص ریلیز ہوگی۔
اب فلم کی زبردست کامیابی کا جشن منانے کے لیے ایک خاص شام کا اہتمام کیا گیا جس میں خود عامر خان نے شرکت کی۔
یہ تقریب فلم کے نمائش کنندگان کی جانب سے منعقد کی گئی تھی، اس میں پورے بھارت سے سینما ہالز کے نمائندے اور نمائش کنندگان شریک ہوئے، جنہوں نے عامر خان کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر عامر کو مختلف تحائف اور یادگار شیلڈز دی گئیں،انہیں باقاعدہ طور پر ’باکس آفس کا باپ‘ کا اعزاز دیا گیا،تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر خان فلم کی ٹیم کے ہمراہ نمائش کنندگان سے بات چیت کر رہے ہیں۔
عامر خان کا حالیہ فلمی سفر
عامر خان حال ہی میں فلم ’ستارے زمین پر‘ میں نظر آئے جس کی ہدایت کاری آر ایس پرسانا نے کی ہے،یہ فلم 20 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔
یہ 2007 میں بننے والی مشہور اور تنقیدی طور پر سراہنے والی فلم’ تارے زمین پر‘کا سیکوئل ہے۔
اس فلم میں عامر ایک باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو 10 خصوصی بچوں کی ٹیم کو رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
فلم کو عامر خان نے خود پروڈیوس کیا ہے، ان کے ساتھ اپرنا پروہت اور روی بھاگ چندکا بھی شریک پروڈیوسر ہیں۔
فلم میں جنیلیا ڈی سوزا بھی اہم کردار میں نظر آئیں، جب کہ دیگر نئے چہروں میں آروُش دتہ، گوپی کرشن ورما، سموت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشیش پینڈسے، رِشی شاہانی، رِشب جین، نمن مشرا، اور سمرن مانگیشکر شامل ہیں۔
فلم باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی اور عامر خان کے لیے ایک شاندار واپسی کا ذریعہ بنی۔
سَکنِلک کے مطابق، فلم کی دنیا بھر میں کمائی اب تک 217.50 کروڑ ہو چکی ہے۔