غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ سامنے آیا ہے کہ مشہور پاپ گلوکارہ کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان تعلقات اب بھی قائم ہیں۔
امریکی جریدے کے مطابق کئی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جولائی کے آخر میں ایک ساتھ ڈنر کرنے کے بعد بھی کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو رابطے میں ہیں اور ایک دوسرے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم انہوں نے اس رشتے کو نجی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات ضرور ہیں مگر یہ رشتہ اس وقت ’سنجیدہ‘ نہیں ہے کیونکہ کیٹی پیری اپنی ’لائف ٹائمز‘ ٹور میں مصروف ہیں اور جسٹن ٹروڈو کی بھی مصروفیات ہیں۔
تاہم ٹروڈو اور گلوکارہ اگلے چند ہفتوں میں ملاقات کر سکتے ہیں جس کی منصوبہ بندی سابق وزیراعظم نے کی ہے کیونکہ تب تک کیٹی کو ٹور سے بریک مل جائے گا۔
یاد رہے کہ 28 جولائی کو جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کو مونٹریال کے ماؤنٹ رائل پارک میں کیٹی اور ان کے پالتو کتے کے ساتھ واک کرتے ہوئے دیکھا گیا، اور اسی رات انہوں نے ایک مشہور ریسٹورنٹ میں ڈنر بھی کیا تھا جس کی تصاویر وائرل ہوئیں۔
ریسٹورنٹ عملے کے مطابق اس ڈنر کے دوران کوئی واضح رومانوی اظہار نہیں دیکھا گیا، لیکن دونوں خوشگوار موڈ میں تھے۔