قومی ائیر لائن کو برطانیہ کیلئے مسافر بردار اور کارگو پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی۔
پی آئی اے کی برطانوی فضائی آپریشن کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور قومی ائیر لائن کو تھرڈ کنٹری آپریٹر (ٹی سی او) کی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔
ترجمان قومی ائیر لائن کے مطابق پی آئی اے آئندہ ماہ سے برطانیہ کے لیے براہ راست فضائی آپریشن کا آغاز کرے گا، پہلے مرحلے میں مانچسٹر کی پروازیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد برمنگھم اور لندن بی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے باقاعدہ طور پر پی آئی اے کو آگاہ کیا گیا اور قومی ائیر لائن کو 5 سال کیلئے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کو جامع اور ہمہ جہتی منظوری دی گئی جس سے پی آئی اے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گا اور ناصرف مسافر بلکہ کارگو بھی لے کر جائے گا۔
سی ای او پی آئی اے کی جانب سے وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزارت دفاع اور سول ایوایشن کی سرپرستی اور دیگر منسلک اداروں کے تعاون پر خصوصی شکریہ کیا گیا۔
ترجمان قومی ائیر لائن نے بتایا ہے کہ سی ای او پی ائی اے نے پی ائی اے کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنھوں نے 5 سال ثابت قدمی سے متعدد آڈٹس کا سامنہ کیا اور اس میں کامیابی حاصل کی۔