پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بھارتی فنکاروں کے ساتھ اپنے تعلقات اور نئے پروجیکٹس پر گفتگو کی ہے جس نے مداحوں کی توجہ سمیٹ لی ہے۔
انٹرویو کے دوران علی ظفر نے کہا کہ بھارت میں کام کرنے کا تجربہ ان کے لیے یادگار رہا۔ انہوں نے خاص طور پر بھارتی گلوکار سونو نگم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں لائیو پرفارمنس کے دوران جس مہارت سے سونو نگم سُر کو برقرار رکھتے ہیں، ویسا کوئی اور نہیں کر پاتا۔
علی ظفر کے مطابق لائیو گاتے وقت سانس کا قابو رکھنا اور سُر کو درست رکھنا انتہائی مشکل کام ہے۔ علی ظفر نے بھارتی اداکار رنویر سنگھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’کِل دل‘ کے دوران ان سے گہری دوستی ہوگئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ رنویر سنگھ اتنا شرارتی نہیں جتنا وہ بظاہر نظر آتا ہے، کیونکہ وہ میتھڈ ایکٹر ہیں اور زیادہ تر شرارتیں اپنے کردار کی تیاری کے دوران کرتے ہیں۔
علی ظفر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اس وقت دو فلموں پر کام کر رہے ہیں، جن میں ’طیفا ان ٹربل 2‘ شامل ہے تاہم انہوں نے فلم کی کہانی اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
یاد رہے کہ ’طیفا ان ٹربل‘ علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم تھی، جس میں مایا علی ان کے ساتھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔