اسلام آباد: پاکستان میں اے ٹی ایم سے نقد رقم نکلوانے پر نیا ٹیکس عائد کر دیا گیا۔
پاکستان میں ایسے افراد جو فائلر نہیں ہیں اور ان کا نام ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں نہیں ہے۔ ایسے افراد اگر ایک دن میں اپنے اکاؤنٹ سے اے ٹی ایم کے ذریعے 50 ہزار روپے سے زائد نقد رقم نکلوائیں گے تو ان پر ٹیکس لاگو ہو گا۔
نان فائلر کی جانب سے 50 ہزار روپے سے زائد رقم نکلوانے پر 0.8 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ یعنی اگر وہ 60 ہزار روپے نکلواتے ہیں تو ان کی اکاؤنٹ سے 80 روپے کی کٹوتی کی جائے گی۔
نان فائلر پر یہ ٹیکس صرف اے ٹی ایم سے نقد رقم نکلوانے پر ہے۔ بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کروانے، آن لائن ٹرانسفر، چیک وغیرہ پر ٹیکس لاگو نہیں کیا گیا ہے۔
اس کے برعکس فائلرز جن کا نام اے ٹی ایل میں شامل ہے۔ وہ اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔ اور ان کی جانب سے اے ٹی ایم سے نقد رقم نکلوانے پر ٹیکس لاگو نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے پر لاگو ہونے والی بینک کی فیس اس ٹیکس میں نہیں آتی۔ اور بینک کے وہ چارجز الگ سے ہوں گے۔






































