بھارتی ٹیم میں بھی قیادت کے خواہشمندوں کی لائن لگ گئی

ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں کلین سوئپ اور آسٹریلیا میں پے در پے شکستوں نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے انٹرنیشنل کیرئیر کو اختتام پذیر کردیا ہے، وہ سڈنی ٹیسٹ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

پاکستانی ٹیم میں کپتانی کو لیکر جھگڑوں کی خبریں بنانے والے بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اب روہت شرما کے جانے پر کئی کھلاڑی سینئیر کی موجودگی کے باوجود قائدانہ کردار کے خواہشمند ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کپتان کے طور پر روہت شرما کے جانشین کی تلاش زوروں پر ہے تاہم مستقبل کے حوالے سے ابتک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں روہت کی غیرموجودگی میں جسپریت بمراہ نے ٹیم کی کپتانی کے فرائض نبھائے تاہم روہت کے جانے پر ڈریسنگ روم میں متعدد کھلاڑی قائدانہ کردار کے خواہشمند ہیں۔

روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسپریت بمراہ کو کپتانی دیئے جانے کا امکان کم ہے تاہم انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ٹیم کے ایک مخصوص کھلاڑی نے ‘عبوری کپتانی’ اپنا نام بطور مسٹر فکس اِٹ تجویز کیا ہے تاکہ موجودہ صورتحال اور ڈریسنگ روم کے ماحول پر قابو پایا جاسکے۔

کپتانی کے عزائم ظاہر کرنے والےکھلاڑی سے ٹیم کے نوجوان قیادت کے امیدوار زیادہ متاثر نہیں ہیں۔

تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ مذکورہ عبوری کپتانی کا امیدوار کون ہے لیکن کھلاڑی ٹیم کے سینئرز پلئیرز میں شمار ہوتے ہیں۔

دوسری جانب طویل مدتی ٹیسٹ کپتانی کیلئے بمراہ واحد انتخاب ہوسکتے ہیں تاہم رشبھ پنت اور کے ایل راہول بھی کپتانی کیلئے فیورٹ دیکھائی دے رہے ہیں۔

سونا عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں مہنگا ہوگیا

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں اضافہ ہوگیا۔ب

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالر کا اضافہ ہونے سے نئی عالمی قیمت 2624 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی بدھ کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے  کی قیمت ایک ہزار روپے کے اضافے کے بعد 273600 روپے کی سطح پر آ گئی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 857 روپے بڑھ کر 234568 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی اثاثوں کی فہرستوں کا تبادلہ

پاکستان اور بھارت نے اپنی اپنی جوہری تنصیبات اور تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے، یہ تبادلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور تنصیبات کے خلاف حملوں کی ممانعت کے معاہدے کے تحت ہوا۔ 31 دسمبر 1988 کو دستخط کیے گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس معاہدے میں، دوسری باتوں کے ساتھ، یہ فراہم کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک ہر کیلنڈر سال کی یکم جنوری کو اپنی جوہری تنصیبات اور تنصیبات کے بارے میں ایک دوسرے کو اگاہ کریں گے۔

اس کے مطابق پاکستان میں جوہری تنصیبات اور تنصیبات کی فہرست باضابطہ طور پر وزارت خارجہ میں اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی۔

اس کے ساتھ ہی بھارتی وزارت خارجہ نے ہندوستان کی جوہری تنصیبات اور تنصیبات کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 27 جنوری 1991 کو جوہری تنصیبات اور تنصیبات کے خلاف حملوں کی ممانعت کے معاہدے پر عمل درآمد کے بعد دونوں ممالک یکم جنوری 1992 سے فہرستوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

وہ گلوکار جس کو بیٹی کی شادی میں پرفارم کرنے کیلئے امیتابھ بچن نے صرف 500 روپے دیے

بھارتی پنجابی گلوکار گرداس مان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے انہیں اپنی بیٹی کی شادی میں پرفارم کرنے پر 500 روپے بطور تعریف دیئے تھے۔

مشہور رئیلٹی شو کون بنے گا کروڑ پتی سیزن 16 میں گلوکار شنکر ماہدیو اور گرداس مان نے شرکت کی، پروگرام کے دوران گرداس مان نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے شہنشاہ کے سامنے بیٹھے ہیں یہ ان کیلئے بےحد خوشی کی بات ہے۔

اسی دوران امیتابھ بچن نے ناظرین کو بتایا کہ ان کے دونوں بچوں ابھیشیک اور شویتا بچن کو پنجابی لوک گانے بےحد پسند ہیں اور وہ اب تک انہیں سنتے ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اپنی بیٹی سے پوچھا کہ یہ گانے انہیں کیوں اور کب پسند آئے تو انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن میں گردوارے جاتے تھے جہاں یہ گانے سنتے تھے یہی وجہ ہے کہ دونوں بہن بھائی مداح ہوگئے۔

گرداس نے امیتابھ بچن کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سچ ہے اور اس کی ایک مثال شویتا بچن کی شادی ہے کیونکہ انکی شادی پر مجھے وہاں پرفارم کرنے کیلئے بلایا گیا تھا اور امیتابھ بچن نے مجھے 500 کا ایک کڑک نوٹ بھی دیا تھا جس کو میں نے آج تک سنبھال کر رکھا ہوا ہے‘۔

دنیا کا بدترین ٹریفک جام، 100 کلومیٹر 12 دن جام , لوگوں کے عارضی گھر ,کہاں؟

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ٹریفک جام اب ہماری زندگی کا حصہ بن چکا ہے لیکن کیا ہو اگر ہم آپ کو بتائیں کہ ابھی تک ہم نے ایسے ٹریفک جام کا سامنا کیا ہی نہیں جو ریکارڈ پر لانے کے لائق ہو۔

تاریخ میں دنیا کا سب سے طویل ٹریفک جام چین میں ہوا تھا۔

یہ ٹریفک جام چائنا نیشنل ہائی وے 110 پر پیش آیا۔ گاڑیوں کی قطاریں 100 کلومیٹر (62 میل) طویل تھیں اور یہ ٹریفک جام 12 دن تک جاری رہا تھا جس کے آس پاس عارضی آبادیاں قائم ہوگئی تھی۔

یہ واقعہ 14 اگست 2010 کا ہے اور اس میں چین کے دارالحکومت بیجنگ سے تبت جانے والے مسافر شامل تھے۔

اس ٹریفک جام کے پیچھے کئی عوامل کارفرما تھے جو کہ درج ذیل ہیں:

کوئلوں کی منتقلی: ہائی وے پر کوئلوں کی بڑے پیمانے پر نقل و حمل جاری تھی۔

سڑک پر کام: سڑک پر جاری کام نے بھی ٹریفک کی گنجائش کو محدود کردیا تھا۔

ٹرک ٹریفک: ہائی وے پر ٹرکوں کی بڑی مقدار موجود تھی جو بیجنگ سے ہوتے ہوئے چین کی دیگر بندرگاہوں تک پہنچنے کے لیے سفر کر رہے تھے۔

گاڑیاں خراب: اس دوران ہائی وے پر کئی گاڑیاں بھی خراب کھڑی ہوئیں تھیں۔

پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے یہ دورانیہ کسی عذاب سے کم نہ تھا۔ کچھ گاڑیاں پورے 24 گھنٹوں میں صرف 1 کلو میٹر سفر کرپاتی تھیں۔ لوگوں نے یہ 12 دن اپنی گاڑیوں میں سو کر اور کھا پی کر گزارے۔

سرکاری ملازمین کی پنشن کے حساب کتاب کا طریقہ کار تبدیل

سرکاری ملازمین کی پنشن کے حساب کتاب کا  طریقہ کار تبدیل کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری ملازمین کی پنشن کی کیلکولیشن کے طریقہ کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق آئندہ ریٹائرڈ ہونے والے وفاقی ملازمین کو پنشن کی ادائیگی ریٹائرمنٹ سے پہلے کے آخری 24 ماہ میں وصول کی جانے والی قابل پنشن تنخواہ کے حساب سے کیلکولیشن ہوا کرے گی۔

آئی پی ایل کے ٹھکرائے گئے وارنر بھی پی ایس ایل10 پلئیرز ڈرافٹ میں شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کیلئے غیرملکی پلئیر ڈرافٹس میں نامور آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر بھی ابتدائی فہرست میں شامل ہوگئے۔

رواں برس انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی جانب سے ٹھکرائے گئے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کیلئے اپنا نام باضابطہ طور پر پلئیرز ڈرافٹ میں درج کروادیا ہے۔

قبل ازیں پی سی بی کے اعلیٰ حکام کو آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیوی کرکٹر کین ولیمسن سے شرکت کی تصدیق کا انتظار کررہے تھے تاہم ابھی تک محض ایک کرکٹر نے اپنی آمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اسی طرح کرس ووکس اور جونی بیئراسٹو کی شمولیت انگلش بورڈ کے این او سی سے مشروط ہوگی۔ بھارت کے سوا دیگر تمام ٹیسٹ ممالک کے کرکٹرز ڈرافٹ میں شریک ہیں، اسٹار کرکٹرز کو لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ دیا جائے گا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے اسٹار پیسر ایڈم ملنے بھی غیرملکی پلئیر ڈرافٹس میں اپنا نام درج کروادیا ہے، انکے علاوہ دیگر کیوی کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل، ٹم ساؤتھی اور مارٹن گپٹل کے نام سرفہرست ہیں۔

2025 میں اڑان بھرنے والی پرواز کی 2024 میں لینڈنگ

کیتھی پیسیفک کی ہانگ کانگ سے 2025 میں روانہ ہونے والی فلائٹ وقت کو پیچھے دھکیل کر سال 2024 میں لینڈ کرے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نیو یارک پوسٹ  نے رپورٹ  کیا کہ فلائٹ اویئر کے مطابق یکم جنوری 2025 کو چینی شہر میں نئے سال کے آغاز کے چند منٹ بعد کیتھی پیسیفک فلائٹ 880 ہانگ کانگ سے روانہ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں اڑان بھرنے والی یہ پرواز اپنے روٹ پر آنے والے 9 ٹائم زونز اور عالمی ڈیٹ لائن کو عبور  کرتے ہوئے سال 2024 میں واپس اترے گی۔

رپورٹ کے مطابق جب یہ پرواز فضا میں تقریباً 14 گھنٹے گزارنے کے بعد اپنی منزل پر پہنچی تو مسافروں نے وقت میں واپسی کرلی ہوگی اور یہ جب لاس اینجلس میں لینڈ کرنے گی تو اس وقت رات کے 10  بج رہے ہوں گے اور تاریخ ہوگی 31 دسمبر سال 2024۔

یہ اس طرح کی پرواز کرنے والا واحد طیارہ نہیں ہے، مسافر نئے سال کے موقع کو 2 بار منانے کے مقصد سے مشرق کی طرف جانے والی ٹرانس پیسفک پروازیں بک کراتے ہیں۔

دلجیت دوسانجھ کو ایک مرتبہ پھر قانونی کارروائی کا سامنا

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کو لدھیانہ کنسرٹ کے بعد مبینہ طور پر شراب نوشی پر اُکسانے والے گیت گانے کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  مشہور گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کا لدھیانہ میں نئے سال کی شام کا کنسرٹ چندی گڑھ کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر پنڈت راؤ دھریناور کی طرف سے دائر کی گئی شکایت کے بعد قانونی تنازعہ کا شکار ہو گیا۔

گلوکار کیخلاف شکایت نے حکومت پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو لدھیانہ کے ڈسٹرکٹ کمشنر کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے پر مجبور کیا، اور ان پر زور دیا کہ گلوکار کو 31 دسمبر 2024 کو اپنے لائیو شو کے دوران کچھ مخصوص گانے پیش کرنے سے روکا جائے۔

نوٹس میں خاص طور پر ان گانوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا جن میں شراب نوشی کو فروغ دینے کا اشارہ دیا گیا ہے جیسے کہ ’پٹیالہ پیگ‘، ’ 5 تارا تھیکے‘، اور ’کیس‘ وغیرہ جو کہ متنازع بن گئے ہیں۔

نوٹس میں دلجیت دوسانجھ کو مختلف کمیشنوں کی طرف سے جاری کی گئی پیشگی انتباہات کا حوالہ دیا گیا ہے، جہاں انہیں یہ متنازع گانے گانے سے منع کیا گیا تاہم ان نصیحتوں کے باوجود گلوکار نے مبینہ طور پر گزشتہ رات نیو ائیر نائٹ پر دھنوں میں معمولی ردوبدل کے ساتھ انہیں پرفارم کرنا جاری رکھا۔

بھارتی کمنٹیٹر نے سلمان آغا کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

بھارت کے معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے قومی ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ کے نائب کپتان سلمان علی آغا کی تعریفوں کے پُل پاندھ دیے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں سعود شکیل کا کردار نہایتی اہم ہے لیکن گزشتہ برس دورہ آسٹریلیا کے دوران سلمان آغا نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بہترین آل راؤنڈر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ بالنگ کے علاوہ اچھی بیٹنگ بھی کررہے ہیں جسکا فائدہ متعدد مواقعوں پر گرین شرٹس کو ہوا ہے۔

گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ سے بابراعظم کے مستعفیٰ ہونے کے بعد سلمان آغا کو کپتان محمد رضوان کا نائب مقرر کیا گیا تھا، انکی کپتانی میں قومی ٹیم نے 1-2 سے سیریز جیتی۔

انہوں نے 2024 میں 9 ون ڈے میچز میں 209 رنز اور 11 وکٹیں بھی حاصل کیں تھی۔

اسی طرح 7 ٹیسٹ میچز میں 41.47 کی شاندار اوسط سے 454 رنز بنائے جس میں 4 نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل تھی۔

دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں آل راؤنڈر نے 90 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ 4 وکٹیں لیکر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا تاہم انہوں نے اس میچ کا ایوارڈ اپنے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو تھما دیا تھا، جنہوں نے اس جیت میں سینچری اسکور کی تھی۔

پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں سلمان 81.50 کی شاندار اوسط سے 163 رنز بنا کر تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے تھے۔