کیا لیونارڈو ڈی کیپریو اسکوئڈ گیم 3 کا حصہ ہوں گے؟

سوشل میڈیا سمیت مختلف غیر ملکی میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ہالی ووڈ اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو مشہور زمانہ ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے سیزن میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

تاہم نیٹ فلکس نے ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے انکی تردید کردی ہے، اپنے حالیہ بیان میں نیٹ فلکس نے کہا کہ اسکوئڈ گیم کے سیزن 3 سے متعلق یہ خبریں مکمل طور پر غلط ہیں لیونارڈو سیریز میں شامل نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ اسکوئڈ گیم 3 کے حوالے سے ایک غیر ملکی میڈیا پلیٹ فارم پر خبر دی گئی تھی کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے سیریز کی شوٹنگ کا آغاز بھی کردیا ہے جس کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

نیٹ فلکس نے اسکوئڈ گیم 2 کی ریلیز اور شاندار کامیابی کے بعد اس کے تیسرے سیزن کا اعلان کیا ہے، نیٹ فلکس کے مطابق 2025 میں تیسرا سیزن ریلیز کردیا جائے جس پر شائقین بےحد خوش ہیں۔

واضح رہے کہ اسکوئڈ گیم 2 نے ریلیز سے اب تک 68 ملین ویوز حاصل کر لیے ہیں اور پہلے سیزن کی طرح دوسرا سیزن بھی شائقین کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے۔

دن رات کام کرکے عوام کی خدمت کا وعدہ نبھائیں گے، مریم نواز کا سالِ نو پر پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دن رات کام کرکے عوام کی خدمت کا وعدہ نبھائیں گے۔

سالِ نو  کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ  پوری قوم کو نئے  سال کی آمد پر مبارک باد پیش کرتی ہوں۔   دعا ہے  سال نو   پاکستان کے عوام کے لیے خوشی اور خوشحالی کی نوید ہو۔ عوام کی خوشیوں ،صحت ، جان ومال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت دعا گو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ    سال نو میں انفرادی اور اجتماعی طور پر نئی شروعات  اورروشن مستقبل کے آغاز  کا عزم کرتے ہیں۔ عوام کی خدمت ، حفاظت اور ترقی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ نواز شریف کینسر اسپتال ، سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ، آٹزم اسکول اور آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ   دعا ہے سال نو وطن عزیز  سے غربت و افلاس، دہشت گردی وانتہا پسندی اور جرائم کے خاتمے کا سال  ہو۔ 2024 میں تعلیم، زراعت،  توانائی، صحت سمیت ہر شعبے میں تاریخی اور ریکارڈ پراجیکٹ لائے، اب مزید آگے بڑھیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ  ہم ایک مستحکم ، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔ 2024ء  میں دہشت گردوں کے خلاف  جنگ میں شہادت کا رتبہ پانے والے ہر جوان اور افسر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔   سال نو کے آغاز میں عہد کرتے ہیں کہ دن رات کام کریں اور عوام کی خدمت کا وعدہ نبھا ئیں گے۔ دعا ہے 2025 کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔

شعیب شاہین کا پاسپورٹ ٹیکنیکل خرابی سے بلاک ہوا، ایف آئی اے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین کا پاسپورٹ بلاک ہونے سے متعلق درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری  کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق ایف آئی اے اور امیگریشن حکام نے بتایا کہ رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین کا پاسپورٹ ٹیکنیکل خرابی کے باعث غیرفعال ہوا۔ ایف آئی اے کے مطابق پاسپورٹ غیرفعال ہونے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

تحریری حکمنامے کے مطابق ایف آئی اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شعیب شاہین کا پاسپورٹ فعال ہوچکا ہے۔ معاملہ حل ہوچکا ہے تاہم درخواست گزار کی استدعا پر کیس 13 جنوری تک زیرالتوا رکھا گیا ہے۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات لینے کا فیصلہ

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے جولین تھرو میں  گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم  سمیت دیگر کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے غیر ملکی کوچ کی  خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان سے الحاق رکھنے والے یونٹس کی بڑی تعداد جس میں صوبے اور ڈیپارٹمنٹس بھی شامل تھے کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس کی صدارت بریگیڈئر (ر) وجاہت حسین نے کی۔

اس موقع پر پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کوخراج تحسین پیش کیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں ہونے والے مقابلوں کی تیاری کے لیے ارشد ندیم، یاسر اور شجر عباس کو بین الاقوامی معیار کے کوچز سے  تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ مزید میڈل پاکستان جیت سکے۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی ساف کراس اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تیاریاں تیز کر دی جائیں۔

اجلاس میں ملک بھر میں گراس روٹ سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور ایسے بچے جو سہولیات سے محروم ہیں، انہیں تربیت کے ساتھ ساتھ تعلیم کی بھی سہولت فراہم کی جائے۔

ڈوپنگ کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر فیصلہ کیا گیا اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں میراتھن اور روڈ ریسز کے لیے اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان آپریشنل اور ٹیکنیکل سپورٹ مہیا کرئے گی۔

جنرل کونسل اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی فنڈنگ کی بجائے اسپانسر شپ پول بڑھانے کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ کے شعبہ کو بھی فعال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں موجود کوچز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جب کہ اس وقت پاکستان کے پاکستان کوچز پی ایچ ڈی پروگرام کا بھی حصہ ہیں جس سے ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کو مستقبل میں فائدہ ہوگا۔

اجلاس کے آخر میں اتھلیکٹس فیڈریشن آف پاکستان کے سابق صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی کی زیر نگرانی بین الاقوامی مقابلوں میں ارشد ندیم سمیت دیگر اتھلیٹس کی بہتر کارکردگی کو سراہا گیا۔

اے این ایف کارروائیوں میں 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران   10 کارروائیوں میں 11 ملزمان  کو گرفتار کرکے 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 32.914  کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔

حکام نے راولپنڈی میں کوریئر آفس میں  برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 24 گرام ویڈ برآمد  کرلی۔ دوسری جانب ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کرکے  2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں ایم ون موٹر وے  کے قریب ایک اور کارروائی میں ملزم سے  1.2 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر گوادر میں جیوانی کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح مہریہ ٹاؤن اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی۔

اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب 3 کارروائیوں میں 3 ملزمان کے قبضے سے 120 عدد  نشہ آور گولیاں، 290 افیون اور 136 گرام چرس برآمد ہوئی۔ راولپنڈی میں  سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب ملزم سے  1.2 کلو چرس برآمد کی گئی جب کہ سہراب گوٹھ الآصف سکوائر کراچی میں  ٹرالی بیگ سے  2 کلو ہیروئن برآمد کرکے  3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سالِ نو کا پہلا دن؛ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان

اسٹاک ایکسچینج  میں آج تیزی کا رجحان ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے دن اور نئے سال کے پہلے روز مارکیٹ کا آغاز 919 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 116046 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں پی ایس ایکس میں بتدریج 1522 اور پھر 1828 پوائنٹس کی تیزی  دیکھی گئی، جس کے نتیجے  میں 100 انڈیکس بڑھ کر 116955 پوائنٹس  کی سطح کو چھو گیا۔

پاک فوج کے جانبازوں کی جانب سے قوم کو نیا سال مبارک

پاک فوج کے جانبازوں نے قوم کو نئے سال کی مبارک باد پیش کی ہے۔

سال 2024 میں بے شمار اندرونی اور بیرونی چیلنجرز کے باوجود پاک فوج نے ملک و قوم کی حفاظت یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ پاک فوج کے جوانوں اور افسران نے مادر وطن کی حفاظت اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ سال 2025 میں بھی پاک فوج ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے تیار ہے۔

نئے سال کے موقع پر پاک فوج کے سرحدوں پر تعینات جانثاروں نے عوام کیلئے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہماری طرف سے پوری قوم کو نیا سال مبارک ہو۔ ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ ہم آخری دم تک ملک و قوم کی حفاظت کرتے رہیں گے۔

فوجی جوان نے پیغام میں کہا کہ ہم نئے سال کی آمد پر ایل اوسی کے دونوں اطراف رہنے والے بھائیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں۔ پاک فوج کے جوان دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک اور جوان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ پاکستان کا بارڈر محفوظ ہے اور ہم مادر وطن کی حفاظت کے لئے یہاں موجود ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نیا سال ہمارے لئے روشن اور پُرامید ہوگا۔

ایک فوجی جوان نے نئے سال کے پیغام میں کہا کہ دیر کی برف پوش چوٹیوں سے اہل وطن کو نیا سال مبارک ہو۔ امید ہے کہ نیا سال عزم اور خوشحالی لے کر آئے گا۔ انشاء اللہ ہم اپنی قوم کی توقعات پر پورا اتر کر پاکستان کو دنیا کی نظر میں بے مثال بنا دیں گے۔ ہم اپنے فرائض کو بہترین طریقے سے سر انجام دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنی محبت کرنے والی عظیم قوم کی توقعات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

فنی خرابی کی نشاندہی کے بعد پی آئی کے طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی بلوچستان کے ضلع گوادر کے لیے روانہ ہونے والی پرواز میں فنی خرابی کی نشاندہی کے بعد طیارے کی واپس کراچی میں اتارلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گوادر کے لیے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 503 صبح 8 بج کر 13   منٹ پر کراچی سے گوادر کے لیے روانہ ہوئی، ائیر ٹریفک کنٹرولر کو آگاہ کر کے پائلٹ نے  43 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی۔

ترجمان پی آئی اے  کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اے ٹی ار 42 طیارے کا کراچی ایئرپورٹ پر معائنہ کیا جا رہا ہے، روانگی کے بعد پائلٹ نے طیارے کے انجن میں فنی خرابی کی نشاندہی کی۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ شعبہ انجینئرنگ سے کلیئرنس ملتے ہی پرواز کو واپس گوادر روانہ کیا جائے گا۔

پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا گھناؤناکرداربےنقاب

پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ  کے واقعات میں بھارت کا گھناؤناکرداربےنقاب ہوگیا۔

عالمی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں  ہونے والی دہشتگردی کو عیاں کردیا۔  جریدے نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کےذریعے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔  بھارتی ایجنسی ’را‘ نے اجرتی قاتلوں اور افغانی ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان میں کم از کم 6افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ’’گزشتہ اپریل 2نقاب پوشوں نے لاہور میں تامبا جس کا اصل نام عامر سرفراز ہے کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے‘‘، یہ واقعہ بھی دوسرے ممالک کی طرح بھارتی خفیہ قتل مہم کا تسلسل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ ے پاکستان میں کئی افراد کو نشانہ بنایا۔شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی افراد کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔ 2021 کے بعد بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را‘‘ نے پاکستان میں متعدد افراد کو قتل کرنے کے لیے ایک خفیہ مہم چلائی جس میں میں کئی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

جریدے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہلاکتوں میں ’’بھارت کے براہ راست ملوث ہونے‘‘  کا انکشاف کر چکے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 2014ء میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے کہا تھا کہ ’’پاکستان پر حملہ کرنا غیر حقیقی ہے لیکن ہم اپنے مقاصد کے حصول کے لیے خفیہ ذرائع استعمال کرسکتے ہیں‘‘۔

رپورٹ کے مطابق امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ’’را‘‘ کی قتل مہم کی وجہ سے بھارت بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔ بھارت نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ماروائے عدالت قتل کیے ہیں۔ کینیڈااورامریکا میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے سکھ رہنماؤں کو بھی قتل کیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نئی دہلی میں را کے افسر وکاش یادیو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایت جاری کیں۔ را افسر نے اس قتل میں اپنے ایجنٹ کو ایک مقامی قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح کینیڈین حکام نے بھی بھارتی سفارت کاروں اور را کی دہشتگردی کو بے نقاب کیا۔

اس حوالے سے سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستانی شہریوں محمد ریاض اور مولانا شاہد لطیف کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے شواہد منظر عام پر آچکے ہیں۔ اس سے قبل بھی وزارت خارجہ شواہد کے ساتھ پاکستانی سرزمین پر بھارتی دہشتگردی کو بے نقاب کرچکی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت، دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام عالم کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ دوسرے ممالک میں بھارتی دہشتگردی، مداخلت اور ٹارگٹ کلنگ عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔

سارہ علی خان کی 2025 میں ریلیز ہونے والی نئی فلموں میں ہیرو کون ہوگا؟

بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان بالی ووڈ میں نئی ​​نسل کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ سارہ نے 2018 میں آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم کیدارناتھ سے فلمی دنیا میں ڈیبیو کیا تھا۔

 سارہ علی خان نے اپنی پہلی فلم کے ساتھ اپنی اداکاری کی صلاحیت کو ثابت کیا، اور گزشتہ چند سالوں میں وہ اپنی ورسٹائل شخصیت کی وجہ سے مداحوں کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں یہی وجہ ہے کہ شائقین سارہ علی خان کی آنے والی فلموں کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

سارہ علی خان کو نئے سال میں 3 نئی فلموں کے ساتھ بڑے پردے پر دیکھا جاسکے گا جن میں ان کی فلم ’اسکائے فورس‘، ’میٹرو ان دنوں‘ اور ایوشمان کھرانہ کے ساتھ ’اسپائے کامیڈی‘ فلم شامل ہوگی تاہم اس فلم کا ٹائٹل اور تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

فلم ’اسکائے فورس‘ 24 جنوری کو ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی جس میں سارہ علی خان کو اکشے کمار کے ساتھ ایکشن میں دیکھا جاسکے گا۔