لاہور؛ سال نو پر آتش بازی پر پابندی عائد

صوبائی دارالحکومت میں آتش بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد پر کسی قسم کی آتش بازی نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی پر بلا امتیاز سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فضا میں آلودگی کے پیش نظر آتش بازی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور اسموگ کے تدارک کیلیے کوشاں ہے، فضائی آلودگی شہریوں میں صحت مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔

سید موسیٰ رضا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ  بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں۔

گووندا کی بیٹی ٹینا کے خواتین کے مخصوص ایام پر متنازع بیان نے انٹرنیٹ کو ہلا دیا

بالی وڈ اداکار گووندا کی بیٹی ٹینا آہوجا اپنے حالیہ متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

ٹینا نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف بڑی شہروں، خاص طور پر ممبئی کی لڑکیاں ماہواری کے درد اور تکلیف کے بارے میں شکایت کرتی ہیں۔

ان کے اس بیان کے بعد، خاص طور پر ریڈٹ پر صارفین نے ان کے خیالات کو خواتین کی تکالیف کو کم تر دکھانے کے مترادف قرار دے کر شدید ردعمل ظاہر کیا۔

ایک انٹرویو میں ٹینا نے کہا، “میں نے زیادہ وقت چندی گڑھ میں گزارا ہے اور وہاں کی خواتین کو ماہواری کے درد یا تکلیف کی شکایت کرتے نہیں سنا۔ یہ مسائل زیادہ تر ان لوگوں میں ہوتے ہیں جو ان کے بارے میں بات کرتے ہیں اور پھر جو خواتین تکلیف محسوس نہیں کرتی تھیں وہ بھی نفسیاتی طور پر متاثر ہو جاتی ہیں۔ پنجاب اور دیگر چھوٹے شہروں میں بہت سی خواتین کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ ان کا مینوپاز کب ہوا۔”

ٹینا نے مزید کہا، “میرا جسم شاید تھوڑا دیسی ہے، مجھے کبھی کوئی کمر کا درد یا ماہواری کی بے قاعدگی نہیں ہوئی۔ آپ گھی کھائیں، زیادہ ڈائیٹنگ نہ کریں، اور اچھی نیند لیں تو سب ٹھیک ہو جاتا ہے۔ آج کل لڑکیاں انسٹاگرام کی باتیں سن کر اتنی زیادہ ڈائیٹنگ کرتی ہیں کہ غیر ضروری مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔”

ٹینا کی والدہ سنیٹا آہوجا نے بھی ان کے خیالات کی حمایت کی لیکن خبردار کیا کہ گھی کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے کیونکہ زیادہ گھی دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ٹینا کے بیان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین اور ڈاکٹروں نے سخت ردعمل دیا۔

ریڈٹ پر ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا، “ماہواری کا درد حقیقت نہیں! گووندا کی بیوی اور بیٹی پر بھروسہ کریں۔”

بیان پر ڈاکٹروں نے بھی ماہواری کی پیچیدگیوں پر تفصیل سے تبصرے کیے اور خواتین کی صحت کے مسائل کو اجاگر کیا۔

نئے سال کی آمد کے ساتھ ایل پی جی کی قیمت میں کمی

حکومت نے نئے سال کی خوشی میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی کردی اور اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

اوگرا نے جنوری 2025 کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت ایل پی جی کی قیمت میں 4روپے فی کلو کمی کرکے فی کلو قیمت 250.28 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی گھریلو سلنڈ 47 روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت182روپے کمی کردی ہے۔

اوگرا نے کہا کہ سرکاری پیداواری قیمت میں 4020روپے فی میٹرک ٹن کمی ہوئی ہے اور اب ایل پی جی 254روپے فی کلوکی جگہ 250 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 3001 روپے کے بجائے 2953 روپے، کمرشل سلنڈر11545 روپے کے بجائے 11363روپے میں دستیاب ہوگا۔

مائیک ٹائسن کا نیٹ فلکس فائٹ میں شکست کے بعد ‘ڈپریشن’ کا انکشاف

باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن نے جیک پال سے شکست کے بعد اپنی جذباتی حالت کے بارے میں بات کی ہے۔

 58 سالہ سابق چیمپیئن نے 9 دسمبر کو فوکس اسپورٹس کے شو Covino & Rich میں انکشاف کیا کہ 15 نومبر کو ہونے والے میچ کے بعد وہ “تھوڑا ڈپریس” محسوس کر رہے تھے۔

ٹائسن نے کہا، “یہ مقابلہ بہت بڑی بات تھی، ہم سب بہت پرجوش تھے۔ لیکن جب یہ ختم ہوا، تو میں نے سوچا، اب کیا ہوگا؟”

یہ میچ، جو نیٹ فلکس پر براہ راست نشر ہوا، نے 108 ملین ناظرین کے ساتھ نئے ریکارڈز قائم کیے، اور نیٹ فلکس کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کھیل بن گیا۔

ٹائسن نے بتایا کہ وہ میچ کے دوران جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ انہیں میچ کے بارے میں زیادہ کچھ یاد نہیں۔ انہوں  نے صرف جیک کو رنگ میں جھکتے ہوئے دیکھا، اور یہ آخری چیز تھی جو انہیں یاد رہی۔

یہ میچ AT&T اسٹیڈیم، ٹیکساس میں ہوا اور ٹائسن کے 19 سال بعد رنگ میں واپسی کا موقع تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میچ کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ سے کہا، “میں نے یہ کیوں کیا؟”

شکست کے باوجود، مائیک ٹائسن کی شخصیت اور ان کی موجودگی نے لاکھوں مداحوں کو متاثر کیا۔

پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے 50 برس مکمل ہونے پر یادگاری تقریب

پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے 50 برس مکمل ہونے پر یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ابراہیم غوری میو سمیت مختلف شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دیے گئے۔

 تقریب کا انعقاد  گلشن اقبال میں رب میڈیکل سینٹر کے سامنے وی ٹرسٹ ایجوکیشن سینٹر میں کیا گیا تھا، جس میں معلومات عامہ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی و خدمات پر 10 شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز ” سے نوازا گیا۔

ایوارڈز حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں  پروفیسر محمد ابراہیم غوری میو، طاہر حبیب، جمیلہ خانم ، نجیب اللہ خان ،منور علی قریشی، سعید احمد سعید، ایاز رضا ترمذی، سیدہ تحسین فاطمہ، امان اللہ پنجوانی اور واجد رضا اصفہانی شامل تھے۔

50برس مکمل ہونے پر پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی یہ پہلی تقریب تھی ۔ گولڈن جوبلی تقریبات مزید ایک سال تک جاری رہیں گی۔

دریں اثنا پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے 50 برس مکمل ہونے پر انٹرنیشنل کوئزنگ ایسوسی ایشن کی سربراہ جین ایلن نے مبارکباد پیش کی ہے۔

2025 میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے کی پیشگوئی، سائنسدانوں نے مقام بھی بتادیا

2025 میں کسی بھی وقت زیر سمندر موجود ایک آتش فشاں پھٹنے کے قریب ہے۔

ماہرِ ارضیات ولیم چاڈویک نے پیش گوئی کی ہے کہ اوریگون کے ساحل سے 470 کلومیٹر دور سمندر کے نیچے ایک کلومیٹر گہرائی میں ایک آتش فشاں جسے Axial Seamount کہا جاتا ہے، خطرناک سرگرمیوں کا اشارہ دے رہا ہے۔

چاڈوک اور ان کے ساتھیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکن جیو فزیکل یونین کے اجلاس میں اپنے نتائج کی اطلاع دی۔

پچھلی دہائی سے متعدد آلات اس زیر سمندر آتش فشاں کی نگرانی کر رہے ہیں جس میں سمندری فرش پر کیبل کے ذریعے ڈیٹا وصول کرنا، جھٹکوں کو محسوس کرنا، ابھار آنا، جھکاؤ اور ریئل ٹائم ڈیٹا کی فراہمی شامل ہے۔

اسکریپس انسٹی ٹیوشن آف اوشینوگرافی میں ارضیاتی ماہر، مارک زمبرج نے کہا کہ یہ کرہ ارض پر سب سے بہترین جانچے جانے والا زیر سمندر آتش فشاں ہے۔

نومبر میں Axial کی ایک خاص کارروائی نے چاڈویک کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی۔ Axial کی سطح تقریباً اتنی ہی اونچائی تک پہنچ گئی تھی جو 2015 میں اس کے پھٹنے سے کچھ عرصہ پہلے تھی۔ ابھار اس بات کی علامت ہے کہ میگما زیر زمین جمع ہو گیا ہے اور دباؤ بنا رہا ہے۔

45 روپے فی یونٹ بجلی کی اصل قیمت کیا ہے؟ نیپرا کا انکشاف

نیشل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے انکشاف کیا ہے کہ 7.62 روپے فی یونٹ میں بننے والی بجلی 7 قسم کے مختلف ٹیکسز ملا کر عوام کو 45 روپے میں فراہم کی جاتی ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بجلی اتنی مہنگی کیوں ہوتی ہے اور بجلی کا یونٹ 45 روپے 6 پیسے کیسے بنتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 15 روپے 28 پیسے کے فی یونٹ مختلف ٹیکسز شامل ہیں، بجلی کے بل میں 67 پیسے فی یونٹ نئے سال کے بھی شامل کیے جاتے ہیں، صارفین کو بجلی کے بلوں میں 3 روپے 10 پیسے ڈسکوز مارجن بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ایک پیسہ فی یونٹ کی ایڈجسٹمنٹ بھی شامل کی جاتی ہے، صارفین ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ ٹرانسمیشن چارجز بھی ادا کرتے ہیں، 17  روپے ایک پیسہ فی یونٹ کپیسٹی پیمنٹ کے ادا کیے جاتے ہیں۔

نیپرا رپورٹ کے مطابق بجلی کی خالص قیمت صرف 7 روپے 62 پیسے فی یونٹ ہے لیکن7  قسم کے چارجز، ٹیکسز، مارجن اور ایڈجسٹمنٹ ادا کرکے 45 روپے فی یونٹ میں ایک بلب جلتا ہے۔