وزیراعظم نے لیا ٹیکس فراڈ تاجروں کی گرفتاری کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم نے ٹیکس فراڈ کرنے والے تاجروں کو گرفتار کرنے کی تجویز کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بجٹ میں ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو گرفتار کرنے کی تجویز کا نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تجویز پر غور کرنے کے لیے اجلاس طلب کرلیا جس میں  وزیر خزانہ،چیئرمین ایف بی آر اور وزیر قانون بھی شریک ہوں گے۔

حکام کے مطابق فنانس بل میں ٹیکس فراڈکرنےوالے تاجروں کی گرفتاری اور 10سال تک قید تجویزدی گئی ہے۔

جاسوسی کا الزام: ایران میں ایک شخص کو پھانسی

ایران نے اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیےجاسوسی کے الزام میں ایک شخص کوپھانسی دے دی۔

ایرانی خبر ایجنسی فارس نے تصدیق کی کہ ایران میں موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار شخص کو پھانسی دی گئی ہے۔

ایجنسی کے مطابق جاسوسی کے الزام میں پھانسی پر چڑھائے گئے شخص کا نام اسماعیل فکری ہے۔

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اسماعیل فکری کو پیر کی صبح پھانسی دی گئی جب کہ اسے دسمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ایران نے الزام لگایا کہ اسماعیل فکری موساد کے 2 ایجنٹس سے رابطے میں تھا اور انہیں انٹیلی جنس معلومات فراہم کررہا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

طلحہ انجم کا مداح پر تشدد، ویڈیو وائرل

پاکستانی ریپر طلحہ انجم ایک حالیہ کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلحہ انجم اسٹیج پر موجود ہیں جب اچانک وہ ہجوم کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور کسی مداح کو اسٹیج پر لانے کا کہتے ہیں اس شخص کو گھسیٹ کر اسٹیج کی طرف لایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہجوم میں سے کسی نے ان کی طرف بوتل پھینکی جو مبینہ طور پر وہی شخص تھا۔

طلحہ اور ان کے ساتھ موجود ایک اور شخص بوتل پھینکنے والے اس مداح کو بالوں سے پکڑ کر اسٹیج پر گھسیٹ لیتے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار اسے بیک اسٹیج لے جاتے ہیں۔

ریپر کے ردِعمل نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ لوگ طلحہ انجم کے اس روپے کو غیر مناسب اور پرتشدد قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر ان کے غصے کو ایک فطری انسانی ردعمل کہہ کر ان کا دفاع کر رہے ہیں۔

واقعے سے متعلق طلحہ انجم یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل رہی ہے۔ ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور یہ واقعہ سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھا رہا ہے۔

عنایا اور افغان کھلاڑی کی قربتیں، سوشل میڈیا پر ہلچل

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عنایا خان نے انکشاف کیا ہے کہ افغان کرکٹ ٹیم کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے سوشل میڈیا پر ان سے رابطہ کیا اور تصاویر بھی مانگیں۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عنایا خان نے بتایا کہ راشد خان ان سے اسنیپ چیٹ پر ایڈ ہوئے، جہاں دونوں کے درمیان بات چیت بھی ہوئی۔ اداکارہ کے مطابق راشد خان نے ان سے پوچھا، “کیا آپ اداکارہ ہیں؟” اور یہ بھی کہا کہ اُن کی تصاویر دیکھ کر اندازہ ہوا کہ وہ شوبز سے وابستہ ہیں۔

عنایا خان کے مطابق راشد خان اب بھی ان کے اسنیپ چیٹ پر ایڈ ہیں، اور ان کے درمیان رابطہ ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوا تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ راشد خیریت دریافت کرتے ہیں، شوٹنگ سے متعلق سوالات کرتے ہیں، اور پاک بھارت میچز پر بھی تبادلہ خیال ہوتا ہے۔

عنایا خان نے اپنے آئیڈیل مرد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خاموش طبیعت اور لمبے قد والے لڑکے پسند ہیں۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں راشد خان نے کابل میں شادی کی تھی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ ان کی شادی پشتون روایات کے مطابق ہوئی، جس میں سابق کپتان محمد نبی سمیت افغان کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔

اسرائیل پر ایرانی میزائل حملہ، حیفہ پاور پلانٹ شعلوں کی زد میں

ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر دوسرا بڑا حملہ کرتے ہوئے درجنوں بیلسٹک میزائل داغ دیے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں کھنڈر بن گئیں جبکہ 5 اسرائیلی ہلاک اور 300 زخمی ہوئے ہیں۔ تارہ حملے میں حیفہ پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔

اتوار کے روزایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تازہ جھڑپوں میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر راکٹ داغے، تہران میں ہونے والے کار بم دھماکوں میں مزید پانچ ایٹمی سائنسدان جاں بحق ہوگئے جبکہ اسرائیل نے پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف اور ڈپٹی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف جنرل محمد کاظمی اورنائب حسن محقق کی شہادت کی تصدیق کردی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک دن میں دوسری بارپھر اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغے، ایرانی میڈیا کے مطابق میزائلوں کے حملے کے بعد تل ابیب اور بیت المقدس میں سائرن کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

تل ابیب میں دھماکوں کے بعد دھویں کے بادل چھا گئے، میزائل حملوں میں اسرائیلی جوہری تنصیبات ڈیمونا کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

مقبوضہ شہر حیفہ، تل ابیب اور اور بیت المقدس میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تل ابیب میں دھوئیں کے بادل چھا گئے، حملے میں اسرائیل کی کثیر منزلہ عمارت بھی تباہ ہو گئی۔

دوسری جانب اسرائیل نے ایرانی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے شمالی حصے میں ایران کے جنگی طیارے دیکھے گئے ہیں۔

جبکہ ایرانی دارالحکومت تہران میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔

امریکا ایران-اسرائیل جنگ میں کود سکتا ہے:ٹرمپ کا عندیہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں شامل ہو سکتا ہے۔

امریکی ٹی وی کی سینئر صحافی ریچل اسکاٹ سے آف کیمرا گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ “یہ ممکن ہے کہ ہم ایران اور اسرائیل کی اس لڑائی میں شامل ہو جائیں”، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال امریکا کسی فوجی کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔

ٹرمپ نے ایران اسرائیل تنازعے میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ممکنہ ثالثی کردار کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اگر پیوٹن ثالثی کریں تو وہ اس کے لیے کھلے دل سے تیار ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات جاری ہیں اور موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث ایران اب ممکنہ طور پر معاہدے کے لیے زیادہ آمادہ ہوگا۔

یاد رہے کہ ایران نے اتوار کو امریکا کے ساتھ مذاکرات کا چھٹا دور منسوخ کر دیا تھا، جو پہلے سے طے شدہ تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جلد ہی امن قائم ہوگا کیونکہ متعدد غیراعلانیہ ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور دونوں ممالک کو معاہدہ کرنا چاہیے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے اور معاہدہ کریں گے اور ہمیں جلد ہی امن دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سفارتی پیش رفت کو مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت انہوں نے دونوں ملکوں کو تجارت کی دلیل دے کر معاہدے پر آمادہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے فوری فیصلہ کر کے کشیدگی کو ختم کیا۔

خطے کی حالیہ صورتحال میں ٹرمپ کے بیانات کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے، خصوصاً اس وقت جب اسرائیل اور ایران کے درمیان فضائی حملوں کا تبادلہ شدت اختیار کر چکا ہے اور عالمی برادری جنگ کے پھیلنے کے خدشات کا اظہار کر رہی ہے۔

خیبرپختونخوا میں مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں 88 ارب کے نئے ترقیاتی منصوبے شامل

خیبرپختونخوا حکومت نے نئے مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں 810 نئے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کیا ہے جس کے لیے 88 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

خیبرپختوںخوا کے نئے مالی سال کے بجٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے نئے مالی سالی کے بجٹ میں مجموعی طور پر دو ہزار 159 ترقیاتی اسکیموں کے لیے 323 ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں  ایک ہزار 349 اسکیموں کے لیے 235 ارب اور 810 نئی سکیموں کے لیے 88 ارب شامل ہیں۔

بجٹ میں زراعت کی 18 نئی اور 28 پرانی اسکیمیں، محکمہ مذہبی امور کے لیے 13 نئی اور 18 پرانی، بورڈ آف ریونیو کے لیے 11 نئی 21 پرانی، ڈسٹرکٹ اے ڈی پی میں دو پرانی، پانی کے 24 منصوبے اور 50 پرانے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

اسی طرح پرائمری تعلیم کے 29 نئی اور 67 پرانی، انرجی اینڈ پاور میں 18 نئی اور 41 پرانی، ماحولیات کے لیے دو نئی اور تین پرانی، محکمہ انتظامیہ کے لیے 9 نئی اور 15 پرانی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے لیے 7 نئی اور 5 پرانی سکیمیں شامل کی گئی ہیں۔

خیبرپختونخوا بجٹ کے مطابق محکمہ خوراک کے لیے 2 نئی اور 6 پرانی، صحت کے لیے 93 نئی اور 89 پرانی، اعلیٰ تعلیم کے لیے 14 نئی اور 49 پرانی، محکمہ داخلہ کے لیے 22 نئی اور 46 پرانی، ہاوسنگ کی 5 نئی اور 11 پرانی، انڈسٹری کی 22 نئی اور 18 پرانی، اطلاعات کے لیے 2 نئی اور 4 پرانی، لیبر کے لیے 3 نئی اور 3 پرانی، محکمہ قانون کے لیے 10 نئی اور 32 پرانی، لائیواسٹاک کے لیے 22 نئی اور 23 پرانی، لوکل گورنمنٹ کے لیے 11 نئی اور 13 پرانی اسکیمیں شامل ہیں۔

مائنز اینڈ منرلز کے لیے 22 نئی اور 23 پرانی، ملٹی سیکٹرز کے لیے 60 نئی اور 71 پرانی، محکمہ بہبود آبادی کے لیے 4 نئی اور 4 پرانی، محکمہ ریلیف اور آبادکاری کے لیے 4 نئی اور 22 پرانی اسکیمیں شامل کر لی گئی ہیں۔

صوبائی بجٹ میں سب سے زیادہ سڑکوں کے 221 منصوبے شامل کیے گئے ہیں، 362 پرانی اسکیمیں بھی شامل ہیں، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لیے 7 نئی اور 4 پرانی، سوشل ویلفیئر کے لیے 8 نئی اور 24 پرانی، کھیل کے لیے 19 نئی اور 32 پرانی، سیاحت کی 23 نئی اور 37 پرانی، مواصلات کے لیے 9 نئی اور 35 پرانی اربن ڈیوپلمنٹ کے لیے 9 نئی اور 35 پرانی، پانی کی 69 اور 151 پرانی سکیموں کو شامل کیا گیا ہے۔

ایران، اسرائیل کشیدگی، مختلف ممالک کی فضائی حدود بند، ایئر لائنز کا پاکستانی حدود کا استعمال

ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ میں مختلف ممالک کی  فضائی حدود بند ش کے باعث مختلف غیر ملکی ائر لائنز نے اپنے مختلف سیکٹرز کے لئے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال شروع کر دیا ۔

رپورٹ کے مطابق ایمریٹس سمیت کئی بڑی ایئرلائنز  شمالی امریکا، مصر اور دیگر ممالک کے لئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں۔

ائرلائنز مغربی پاکستان سے گزر کر مغرب میں افغانستان ،ترکمانستان، بحیرہ کیسپین، آذربائیجان اور ترکی کے بعد آگے جا رپی ہیں، جنگ کے باعث ایران، عراق، شام، اردن اور اسرائیل کی فضائی حدود بدستور بند ہیں۔

پنجاب کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا، کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان

وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کل (پیر کو) مالی سال 2025-26 کا بجٹ پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

اس سے قبل پنجاب کابینہ سے خصوصی اجلاس میں بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔

وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کا آئندہ بجٹ بھی عوام دوست اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کا آ ئینہ دار ہوگا۔

  صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، پہلے سے لاگو ٹیکسز کی وصولیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وسائل میں اضافے کے لیے صوبائی اثاثوں کا موثر استعمال پنجاب حکومت کی ترجیحی پالیسی ہوگی، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے کامیاب منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بجٹ میں خواتین، بچوں معذور افراد، محنت کشوں سمیت تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے تکنیکی و مالی معاونت مہیا کی جائے گی، کسان کارڈ کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ پنجاب نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ معاشی ترقی، شفافیت اور سماجی تحفظ کے اصولوں پر مبنی ہوگا،  بجٹ میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائے گی، پسماندہ اضلاع  خصوصاََ جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

پاکستان اور ترکیے کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، ایران پر اسرائیلی حملے پر غم و غصے کا اظہار

ترکیے کے وزیرخارجہ ہاکان فیدان اور نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خطے کی بگڑی صورت حال پر تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترکیہ کے وزیرخارجہ ہاکان فیدان نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون            کیا اور دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی کے بلاجواز حملوں کے باعث بگڑتی علاقائی صورت حال پر گہری تشویش اورغم وغصے کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے اگلے ہفتےہونے والے  او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس اور صدر رجب طیب اردوان کے اعزاز میں اسلامی تعاون یوتھ فورم کی تقریب میں شرکت کی تصدیق کی۔

دونوں اجلاس اگلے  ہفتے استنبول میں شیڈول ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا اور دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے حملے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔