ایران کا اسرائیل پر ہائپرسونک حملہ: سپریم لیڈر کا صیہونیوں سے بے رحمی برتنے کا اعلان

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر کا سخت بیان جاری

تہران: امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی قیادت کی جانب سے قتل کی پےدرپے دھمکیوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سخت بیان جاری کردیا۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران دہشتگرد صیہونی ریاست کے خلاف بھرپور طاقت سے کارروائی کرے گا اور صیہونیوں سے بے رحمی برتی جائے گی۔

واضح رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کو دھمکاتے ہوئے پیغام دیا تھا کہ انہیں علم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کہاں ہیں، وہ آسان ہدف ہیں لیکن ہم ابھی انہیں قتل نہیں کررہے۔

اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا جسے امریکی صدر نے ویٹو کردیا۔

ٹرمپ کا فیلڈ مارشل کے اعزاز میں ظہرانہ، پاک-امریکا تعلقات میں بہتری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں خصوصی ظہرانہ دیں گے۔ یہ ظہرانہ امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کیبنٹ روم میں منعقد کیا جائے گا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات بھی متوقع ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور خاص طور پر ایران-اسرائیل تنازع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات کلوزڈ پریس ہوگی، تاہم ظہرانے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کی میڈیا سے گفتگو متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ظہرانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر دفاع ہینکر سمیت اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے الگ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

یہ ملاقات نہ صرف پاک-امریکا تعلقات کے حوالے سے اہم ہے بلکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔  یہ دورہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم سفارتی سرگرمیوں کا حصہ بن رہا ہے۔

250 برس قبل امریکا میں ڈوبنے والا گمشدہ جہاز مل گیا

امریکا کے ساحل پر 250 برس قبل ڈوبنے والے کیپٹن کُک کا جہاز ’ایچ ایم ایس اِنڈی ور‘ کی باقیات مل گئیں۔

1768 سے 1771 کے درمیان یہ جہاز مشرقی آسٹریلیا تک پہنچنے والا پہلا یورپی جہاز تھا۔ جس کو بعد میں فروخت کر کے اس کا نام لارڈ سینڈوچ رکھا گیا۔ یہ جہاز 1778 میں امریکا کی جنگِ آزادی کے دوران امریکا کے ساحل پر ڈوبا تھا۔

صدیوں تک یہ جہاز گمشدہ تھا لیکن اب کے ملبے کو امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کی نیو پورٹ بندرگاہ کے علاقے میں دریافت کر لیا گیا ہے۔

آسٹریلین نیشنل میری ٹائم میوزیم نے اس دریافت کے حوالے سے ایک نئی رپورٹ میں اعلان کیا اور ماہرین نے اس ملبے کی شناخت RI 2394 کے طور پر کی۔

میوزیم ڈائریکٹر ڈیرل کارپ نے بتایا کہ رپورٹ میں پیش کیے گئے نتائج 25 سال پر محیط آثارِ قدیمہ اور زیر آب تحقیق کا نتیجہ ہیں۔

پیرس ائیر شو: چین نے بغیرپائلٹ کی جدید ترین ائیرٹیکسی متعارف کرادی

فرانس کے شہر پیرس میں جاری عالمی ایئر شو 2025 میں چین  نے بغیر پائلٹ کی جدید ترین ائیرٹیکسی متعارف کرادی۔

رپورٹ کے مطابق بغیر پائلٹ یہ ائیرٹیکسی 2 مسافروں کے ساتھ 3 گھنٹے پرواز کرسکتی ہے، چینی ائیرٹیکسی ائیرشو شرکاء کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔

چینی ائیرٹیکسی رن وے کے بغیر ورٹیکل جگہ سے اڑان بھرتی ہے، ائیرٹیکسی مختلف موسمی حالات میں بھی پرواز کرسکتی ہے، یہ چارجنگ پر بغیر فیول اڑتی ہے۔

ائیرٹیکسی جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے، ائیرٹیکسی میں 600 کلوگرام وزن لفٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔

چینی کمپنی کو یقین ہے کہ پیرس ائیرشو میں زیادہ سے زیادہ ائیرٹیکسی فروخت ہوگی۔

ایران اسرائیل جنگ: پاکستان نے تہران سے چند سفارت کاروں اور غیر ضروری عملے کو واپس بلالیا

ایران اسرائیل جنگ اور خطے میں بدلتی صورتحال کے باعث پاکستان نے تہران سے کچھ سفارت کاروں، غیر ضروری اہل کاروں اور عملے کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا۔

وزارت خارجہ کے اعلی عہدے دار کے مطابق جنگ کی صورتحال اور کشیدگی کے باعث اقدام کیا گیا ہے، تہران میں پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانے کام جاری رکھیں گے۔

افسر کے مطابق جو اضافی اور غیر ضروری اسٹاف ہے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خاندان سمیت وطن واپس چلے جائیں، اسٹاف کی واپسی کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔

فتنۃ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کے خلاف آپریشن میں پاکستانی عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص”میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات کو “آپریشن بنیان مرصوص” میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے پر پاک افواج کی حکمت عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص”میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

اس موقع پر جناح ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور طالبات نے کہا کہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں۔

طالبات کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس طرح کے مزید سیشنز منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

ایرانی حکومت کو گرانے کی کوشش بڑی غلطی ہوگی؛ فرانس

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کینیڈا میں جی-سیون اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں ایران اسرائیل جنگ سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر نے بتایا کہ امریکا نے ایران کو جوہری مذاکرات اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی پیشکش کی ہے اور اب دنیا ایران کے جواب کی منتظر ہے۔

تاہم فرانسیسی صدر نے ایران کی حکومت کو زبردستی گرانے کی کسی بھی کوشش کو “اسٹریٹجک غلطی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ایسی کوششیں ناکام رہی ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر ایران نے امریکا کی پیشکش کو قبول کرلیا تو مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی-سیون اجلاس سے جلد واپس آجائیں گے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے چار روز قبل ایران پر فضائی حملے کرکے ٹاپ رینک کے ملٹری آفیسرز سمیت 6 ایٹمی سائنسدانوں کو جاں بحق کردیا تھا۔

جس کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے کیے ہیں جہاں اب تک 24 ہلاکتیں جب کہ ایران میں 24 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

رنجیت سنگھ کی برسی،یاتریوں پر پابندی

بھارتی حکومت نے مہا راجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے لیے سکھ یاتریوں کو پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی 29 جون کو منائی جاتی ہے جس میں بھارتی سکھ بھی شرکت کرتے ہیں۔

شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (SGPC) کے اعلان کے مطابق ’’سکھ یاتریوں کو مہاراجہ رنجیت کی برسی کے لیے پاکستان نہیں بھیجا جائے گا۔‘‘

سکھ عقیدت مندوں نے پاکستان میں برسی میں شرکت کے لیے اپنی سفری دستاویزات جمع کروا دی تھیں۔

سیکریٹری ایس جی پی سی، ایس پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ کمیٹی نے اس سال یاترا کے انعقاد سے انکار کر دیا ہے، یہ فیصلہ بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ کشیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے جاری سفری پابندیوں اور ایڈوائزری  کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

بھارتی حکومت کا یہ اقدام مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہے جو خطے میں امن کے دعوؤں کی نفی کرتا ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ سکھ برادری کو ان کے مقدس مقامات تک رسائی دی ہے اور ان کی رسومات کا احترام کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے سکھوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی سے روکنا ایک افسوسناک اور تعصب پر مبنی اقدام ہے۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ بھارت نہ صرف مسلمانوں کے خلاف بلکہ دیگر اقلیتوں کے مذہبی حقوق کو بھی سلب کر رہا ہے۔

ٹیرف پر پیش رفت، پاک-امریکہ تجارت میں نیا موڑ

پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوگیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت سے ورچوئل بات چیت میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ورچوئل ملاقات میں امریکی ٹیرف سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی، پاکستان اور امریکا نے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تکنیکی سطح پر مزید تفصیلی بات چیت جلد متوقع ہے، دونوں رہنماوٴں میں تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی ہے اور پاکستان اور امریکا نے تکنیکی سطح پر تفصیلی بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ بات چیت ایک متفقہ لائحہ عمل کے تحت کی جائے گی، پاکستان اور امریکا کے وزراء نے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، پاکستان ممکنہ اثر سے نمٹنے کیلیے تیار ہے، وزیر خزانہ

دوسری جانب اسلام آباد میں نیشنل ورکشاپ آن ٹرانزیشننگ ٹو ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن اسکیمز سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کسی بھی ممکنہ اثر سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس کیا، جس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر موجود ہیں، اثاثہ جات کی تمام اقسام کی قیمتوں پر مکمل نظر ہے اور ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہم تیار ہیں، اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو ہم اقدامات کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں، اور اْمید ہے کہ ایسا نہ ہو۔

محمد اورنگزیب نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے توانائی، سرکاری اداروں اور ٹیکس نظام میں جاری ساختی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس بار ہم نے ٹیرف میں بنیادی اصلاحات کی ہیں تاکہ معیشت کو مسابقتی بنایا جا سکے اور ہماری برآمدی صنعت ترقی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قرضوں کی ادائیگی کی لاگت کو کم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پنشن کی ادائیگیاں ایک کھرب روپے سے تجاوز کر چکی ہیں، جو کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔

ایران سے مذاکرات نہیں، معاملے کا انجام چاہتا ہوں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان محض جنگ بندی نہیں بلکہ ’’تنازع کا مکمل خاتمہ‘‘ چاہتے ہیں۔

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ایران نے امریکی مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ بنایا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔

انہوں نے کہا’’اگر انہوں نے ہمارے لوگوں کو کچھ کہا، تو ہم انتہائی سخت حملہ کریں گے… پھر دستانے اُتر جائیں گے،‘‘

ٹرمپ نے کہا ’’مجھے لگتا ہے وہ جانتے ہیں کہ ہمارے فوجیوں کو چھونا ان کے لیے خطرناک ہوگا۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں کہ آیا وہ جنگ بندی چاہتے ہیں، ٹرمپ کا کہنا تھا: ’’ہم صرف جنگ بندی نہیں، ایک حقیقی خاتمہ چاہتے ہیں… اگر ایران مکمل طور پر ہتھیار ڈال دے تو وہ بھی قابلِ قبول ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ ایران کے ساتھ بات چیت کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ممکنہ طور پر نائب صدر جے ڈی وینس اور مشرق وسطیٰ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو ایرانی حکام سے مذاکرات کے لیے بھیج سکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات کو بھی دہرایا کہ ’’ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘