یورپی یونین آبزرویشن مشن نے بنگلادیش میں 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل کے ماحول کو مثبت قرار دیدیا۔
یورپی یونین الیکشن آبزرویشن مشن کے چیف آبزرور کا ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا بنگلادیش میں انتخابی ماحول بہت مثبت اور پرامید ہے، بنگلا دیش کے تمام ریجنز اور اضلاع میں حکام اور امیدواروں سے بات چیت کی ہے، زیادہ تر افراد نے انتخابات کو ملکی تاریخ اور جمہوریت کا نیا باب قرار دیا ہے۔
یورپی یونین نے بنگلادیش کے انتخابات کے لیے اب تک کا سب سے بڑا 200 آبزرورز پر مشتمل مشن بھیجا ہے اور یورپی پارلیمنٹ کے 7 ارکان پر مشتمل وفد بھی مشن کے تحت ڈھاکا میں موجود ہے، ناروے، سوئٹزر لینڈ اور کینیڈا کے مبصرین بھی مشن کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے چیف آبزرور یورپی مشن نے کہا کہ ای یو مشن پولنگ، ووٹوں کی گنتی کے لیے 90 شارٹ ٹرم مبصر تعینات کرےگا اور ای یو آبزرور مشن انتخابات سے متعلق عبوری رپورٹ 14 فروری کو جاری کرےگا۔



































