اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور کویت کے سیاسی تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں اور وہ ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ کے لیے لائسنس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے لائسنس کے اجراء پر رقمی بورڈ کے چیئرمین اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ کے لیے لائسنس کا اجراء پاکستان-کویت تعلقات کے لیے نہایت اہم ہے، جس سے پاکستان میں بینکاری کے شعبے کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان اور کویت کے تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں ڈھالنا چاہتے ہیں اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے کویتی قیادت کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے یکساں عزم رکھتے ہیں۔
اس موقع پر سی ای او رقمی اسلامک بینک عمیر اعجاز نے کہا کہ شرعی اصولوں کے مطابق بینکاری کے فروغ کے لیے رقمی بینک پرعزم ہے، رقمی ڈیجیٹل بینکنگ پاکستان میں کیش لیس معیشت کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے جبکہ تجارتی سرگرمیوں کے لیے لائسنس کا حصول ایک اہم سنگ میل ہے، تمام طبقات کی مالیاتی نظام میں شمولیت اور ترقی کے مواقع کی فراہمی رقمی بینک کی ترجیح ہے۔
رقمی بورڈ کے چیئرمین عبداللہ مطیری نے کہا کہ رقمی ڈیجیٹل بینک کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے لائسنس کا اجراء ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ اقدام پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ مطیری کو رقمی اسلامک بینک کے لیے ڈیجیٹل لائسنس جاری کیا۔






































