- کوئٹہ :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ آمد پر مریم نواز کا میر سرفراز بگٹی صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی کی جانب سے پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا جب کہ اُنہوں نے بلوچستان کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی۔
مریم نواز کا اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا پہلا دورہ بلوچستان کا ہے، بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابلِ ستائش ہے، بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ممکن ہے، بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں، خیرمقدم کرنے پر سرفراز بگٹی کی شکر گزار ہوں اور یہاں کے لوگوں کی ملک کے ساتھ عقیدت کو سراہتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرفراز بگٹی موجودہ حالات میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں، بلوچستان کے لئے پنجاب کے وسائل اور خدمات حاضر ہیں، بلوچستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں، دعا ہے کہ بلوچستان خوب آگے بڑھے، امن و امان اور خوشیوں کا گہوارہ بنے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خوشی ہوگی کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت کر سکوں، حوصلے اور استقامت کے ساتھ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی صوبے کے معاملات چلارہے ہیں، بلوچستان کو فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ دُعا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو، سکیورٹی کے لئے معاونت مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔





































