وزیر داخلہ سندھ کی ہدایت پر گل پلازہ آتشزدگی کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔۔
ہائی کورٹ کے جسٹس آغا فیصل کو سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن مقرر کردیا گیا۔ انکوائری کمیشن گل پلازہ کی تعمیراتی منظوری اور لیز کی قانونی حیثیت کی تحقیقات کرے گا۔ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی اور ایمرجنسی انخلا میں رکاوٹوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ کی ہدایت پر آگ بجھانے کے انتظامات اور فائر سیفٹی آڈٹ کی کوتاہیوں کا تعین کیا جائے گا۔ کمیشن آگ لگنے کی وجوہات، حالات اور ریسکیو آپریشن کی رفتار کا معائنہ کرے گا۔ غفلت کے مرتکب سرکاری افسران اور بلڈنگ مینجمنٹ کے خلاف ذمہ داری فکس کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں انکوائری کمیشن 8 ہفتوں کے اندر اپنی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرے گا۔ کمشنر کراچی کو انکوائری کمیشن کے لیے تمام سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ کے مطابق حکومت سندھ متاثرین گل پلازہ کی داد رسی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کرے گی اور سخت اقدامات اور مؤثر تحقیقات کی بدولت حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔





































