کراچی:
ضلع ملیر پولیس نے ایسٹ زون میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹیل مل سے قیمتی دھات نکالنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق بن قاسم پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ دورانِ کارروائی ملزمان کے قبضے سے مشینری سے نکالے گئے 542 گرام چاندی اور تانبے کے قیمتی آلات برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان مشینری سے قیمتی کنڈکٹر اور چاندی و تانبے کے آلات نکال کر فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کی شناخت ارشد اور سدھیر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔




































