- لاہور: ایڈیشنل سیشن جج شعیب انور قریشی نے شادی سے انکار پر لڑکی فرزانہ اور اس کے منگیتر امانت کو قتل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم علی حسن اور اس کی بہن کلثوم بی بی کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا، استغاثہ کی جانب سے پراسیکیوٹر شبیر احمد خان نے گواہوں کو پیش کیا اور دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مجرم علی حسن مقتولہ فرزانہ بی بی سے شادی کرنا چاہتا تھا تاہم انکار پر اس نے رنجش میں آکر اپنی بہن کلثوم بی بی کے ساتھ مل کر فرزانہ اور اس کے منگیتر امانت کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دونوں مقتولین کو شیخوپورہ میں قتل کرنے کے بعد لاشوں کو ڈرم میں ڈال کر نشتر کالونی کے علاقے میں پھینک دیا تھا، اس مقدمے کا اندراج 2023 میں نشتر کالونی پولیس نے کیا تھا۔
دورانِ سماعت ملزمان کے وکلا نے استغاثہ کے دلائل کی مخالفت کی تاہم عدالت نے شواہد کی روشنی میں دونوں مجرموں کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔





































