بالی وڈ اداکار وجے دیوراکونڈا اور اداکارہ رشمیکا مندانا نے اپنی شادی کیلئے سکیورٹی کی خدمات بیرون ملک سے حاصل کرلیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وجے دیوراکونڈا اور اداکارہ رشمیکا مندانا کی شادی رواں ماہ کی 26 تاریخ کو ادے پور میں ہوگی، یہ ایک ڈیسٹینیشن ویڈنگ ہے جہاں بہت سی مشہور شخصیات بھی شادی کر چکی ہیں۔
شادی کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ یہ بہت نجی تقریب ہوگی جس میں صرف جوڑے کے دوست اور قریبی رشتہ دار شامل ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ادے پور میں اداکار جوڑی کی شادی ایک بڑے رقبے پر ہوگی جس کیلئے جوڑے کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظام کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکار جوڑی کی جانب سے بیرون ملک سے سکیورٹی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو راجستھان کے مقامی سکیورٹی گارڈز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق ادے پور میں شادی کے بعد 4 مارچ کو حیدرآباد دکن میں وجے اور رشمیکا کی جانب سے فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دوستوں کے لیے ایک شاندار استقبالیہ بھی منعقد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وجے اور رشمیکا نے گزشتہ سال 3 اکتوبر کو منگنی کی تھی اور حال ہی میں اداکار کی شادی کا کارڈ بھی منظر عام پر آیا تھا۔






































