بالی ووڈ کے مقبول اداکار جان ابراہم کی ایک ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس نے آن لائن صارفین کے درمیان وسیع بحث کو جنم دے دیا ہے۔
وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں اداکار کو ایک ٹی شرٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے جس پر تہران (Tehran) لکھا ہوا ہے۔ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں ایران اور اسرائیل درمیان کشیدگی پر مسلسل گفتگو جاری ہے۔
یاد رہے کہ جان ابراہم 2025 میں ریلیز ہونے والی فلم تہران میں کام کر چکے ہیں، جس کی وجہ سے بعض صارفین اس ٹی شرٹ کو فلم سے جوڑ کر بھی دیکھ رہے ہیں۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئی اور بڑی تعداد میں صارفین نے اسے شیئر کرتے ہوئے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ کچھ افراد نے قیاس کیا کہ اداکار کی جانب سے تہران لکھی ٹی شرٹ پہننا ایران کی حمایت کی علامت ہو سکتا ہے، خاص طور پر موجودہ عالمی صورتحال کے تناظر میں۔ اس کے نتیجے میں سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں کچھ صارفین نے اداکار کی حمایت کی جبکہ دیگر نے ان کے اس عمل پر سوالات اٹھائے۔
تاہم، اس حوالے سے جان ابراہم کی جانب سے تاحال کوئی وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا ہے، جس کے باعث سوشل میڈیا پر جاری بحث زیادہ تر قیاس آرائیوں پر مبنی ہے نہ کہ مصدقہ حقائق پر۔





































