لاہور(خصوصی رپورٹ)قصور میں زیادتی و قتل کا شکار ہونیوالی معصوم زینب کے والد امین انصاری نے کہا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے سے مطمئن ہیں مجرم عمران کے اہل خانہ ہراساں کر رہے ہیں، انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ زینب قتل کیس میں ملوث سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔ امین انصاری چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کیلئے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کیلئے آیا ہوں، انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے سے مطمئن ہو ں، مجرم عمران کو سر عام پھانسی دی جائے، زینب کے والد نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست بھی جمع کرائی کہ مجرم عمران کے اہل خانہ ہراساں کررہے ہیں لہٰذا انھیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ درخواست میں ان کا مزید موقف تھا کہ مجرم عمران کے سہولت کاروں سے متعلق تفتیش نہیں کی گئی، عمران کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے۔
