کولمبو (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دو الگ الگ واقعات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بنگلہ دیشی کرکٹرز شکیب الحسن اور نورالحسن پر میچ فیس کا 25، 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، اس کے علاوہ دونوں کے حصے میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر لیا۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سری لنکا میں جاری سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے چھٹے اور آخری میچ کے دوران شکیب الحسن اور نورالحسن دو الگ الگ واقعات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے، 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کی اننگز کے آخری اوور میں مہمان ٹیم کے قائد شکیب نے ایمپائر کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے باﺅنڈری پر جا کر اپنے کھلاڑیوں کو فیلڈ چھوڑنے کا اشارہ کیا جو کہ آئی سی سی کے لیول ون چارج کی خلاف ورزی ہے، اسی اوور کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم نے ریزرو کھلاڑی نورالحسن کے ذریعے وکٹ پر موجود اپنے کھلاڑیوں کیلئے پیغام بھیجا۔
، نورالحسن نے وہاں پر سری لنکن قائد تھسارا پریرا پر جملے کسے اور ان کی طرف انگلی کا اشارہ بھی کیا، آئی سی سی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25، 25 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے اس میچ میں سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹون سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔