دبئی(بی این پی )اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز پی ایس ایل تھری کے 9 میچوں میں دس وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بالر محمد سمیع کے گن گانے لگے جن کا کہنا ہے کہ ان کی حالیہ فارم کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت سکتی ہے ۔
جبکہ انہیں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی فاسٹ بالر ایک مرتبہ پھر اپنی قومی ٹیم کی جانب سے بلند معیار کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ سابق آسٹریلین بیٹسمین ڈین جونز یہ دیکھ کر حیران ہیں کہ محمد سمیع بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود سنجیدہ نوعیت کی فاسٹ بالنگ کی اہلیت رکھتے ہیں اور ان کا عمدہ کھیل انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا بھی باعث بن سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی یقین کرے یا نہیں لیکن محمد سمیع کے پاس اب بھی واپسی کا موقع ہے جو مستقبل قریب میں پاکستانی ٹیم کیلئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں اور وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ محمد سمیع میں کتنی صلاحیت ہے جو ایک حیران کن ایتھلیٹ کی حیثیت سے اس عمر میں بھی 140 سے 145 کلومیٹرز فی گھنٹہ کی رفتار سے بالنگ کر سکتے ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اس کارکردگی کے ساتھ انہیں ہمیشہ کھلا سکتی ہے۔ لاہور قلندرز کیخلاف میچ میں 21رنز کے عوض تین وکٹوں کی بہترین کارکردگی دکھانے والے محمد سمیع کے متعلق ڈین جونز کا کہنا تھا کہ اگر محمد سمیع اسی انداز سے کھیلتے رہے تو انہیں قومی ٹیم میں دیکھ کر قطعی حیرانگی نہیں ہو گی اور اگر کسی کو اس بات کا یقین نہیں آتا تو وہ صرف ایک بار اس میچ کو دیکھ لے جس میں انہوں نے بابر اعظم کو آو¿ٹ کیا تھا۔