دبئی(آئی این پی) آسٹریلوی سپنر جیس جوناسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی تازہ ترین ویمنز ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں دنیا کی نمبر ایک باﺅلر بن گئیں، آسٹریلیا کی ہی میگن سکٹ نے مریزن کیپ اور جھولن گوسوامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، بلے بازوں میں نیوزی لینڈ کی کپتان سوزی بیٹس ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئیں، آسٹریلیا کی نیکول بولٹن 9 درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر آ گئیں۔آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ویمنز ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں آسٹریلیا کی ایلیز پری بدستور سرفہرست ہیں، نیوزی لینڈ کی کپتان سوزی بیٹس نے دو درجے ترقی کے ساتھ آسٹریلیا کی میگ لیننگ اور بھارت کی متھالی راج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، آسٹریلوی اوپنر نیکول بولٹن 9 درجے چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئیں، انہوں نے چوتھے پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔، نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن 18ویں نمبر پر ہیں، دوسری جانب آسٹریلوی سپنر جیس جوناسن دنیا کی نمبر ایک باﺅلر بن گئیں، ان کی ہم وطن باﺅلر میگن سکٹ بھی ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئیں، دونوں باﺅلرز نے مریزن کیپ اور جھولن گوسوامی کو پیچھے چھوڑ دیا، پاکستان کی ثنا میر ساتویں نمبر پر موجود ہیں، آل راﺅنڈرز میں ایلیز پری سرفہرست ہیں، ثنا میر پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔