اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ کے ریٹائرڈ اراکین کی الوداعی تقریبات پر اضافی اٹھانوے لاکھ روپے پھونک دیے گئے۔ سبکدوش چیئرمین رضا ربانی نے اسٹاف کو اٹھائیس لاکھ کا ظہرانہ اور انیس لاکھ بانوے ہزار کا عشائیہ دیا۔سینیٹ کے ریٹائرڈ ہونے والے اراکین کو شاہانہ انداز میں رخصت کیا گیا۔ سرکاری خرچ پر کی جانے والی خاطر مدارت میں اٹھانوے لاکھ روپے اس وقت خرچ کیے گئے جب خاطرتواضح کابجٹ ہی ختم ہوچکا تھا ۔راجا ظفرالحق اور ڈپٹی چیئرمین نے سینیٹرزکے عشائیے پر ساڑھے دس لاکھ جبکہ قائدحزب اختلاف نے ظہرانے پر سوا پانچ لاکھ روپے خرچ کر ڈالے۔ سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق سینیٹ پبلیکیشن کی رونمائی میں 12لاکھ 62 ہزارروپے خرچ ہوئے۔ مارچ کے سینیٹر لنچ پردو لاکھ روپے سے زائد خرچہ آیا۔ چیئرمین شپ کا عہدہ سنبھالنے کی تقریب میں پونے 2لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ اس کے علاوہ 6 مارچ کو صحافیوں کے ظہرانے پر4لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔
