لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی ٹیم پاک فوج کے اشتراک سے کل شمالی وزیرستان کا دورہ کرے گی جہاں فاٹا کے نوجوانوں کے ٹرائل لئے جائیںگے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی ٹیم کل شمالی وزیرستان کا دورہ کررہی ہے۔ جہاں فاٹا کے نوجوانوں کے ٹر ائل لئے جائیںگے۔ دورہ کرنے والی ٹیم میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کے ہمراہ شاداب خان، یاسر شاہ اور علی ضیا ہوں گے۔ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے اس دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کے بعد منتخب نوجوانوں کو پی سی بی سکل ڈویلپمنٹ کیمپ میں شامل کیا جائے گا تاکہ فاٹا کے نوجوان قومی سطح پر کرکٹ کھیل سکیں۔ اس پروگرام سے فاٹا کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ کرکٹ پاکستانی قوم کو متحد کرتی ہے اس لیے پاک فوج کرکٹ کی بحالی کے لیے سیکیورٹی سمیت تمام تر ممکنہ تعاون کر رہی ہے۔