ممبئی(شوبزڈیسک )نامور پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور عرفان خان کی فلم ہندی میڈیم نے چین میں صرف 11 دن میں 184 کروڑ کمالیے۔گزشتہ برس ریلیز کی گئی انگریزی اور ہندی معیار تعلیم جیسےسنجیدہ اور سماجی مسئلے پر مبنی فلم ”ہندی میڈیم “بھارت سمیت پاکستان میں بھی بے حد پسند کی گئی تھی۔ فلم میں پاکستانی اداکارہ صباقمر اور عرفان خان نے مرکزی کردار اداکیا تھا۔ فلم کی پسندیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے چین میں بھی ریلیز کیا گیا۔ اپنے جاندار موضوع کے باعث ہندی میڈیم نے چائنیز باکس آفس پر کمال کردیا اور ریلیز کے صرف 11 دنوں میں 184 کروڑ کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔بھارتی فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلم چین میں بے حد پسند کی جارہی ہے اورآنے والے دنوں میں 200 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
ہندی میڈیم اب تک دنیا بھر سے 292 کروڑ55لاکھ کا بزنس کرچکی ہے اور اداکار عرفان خان کی اب تک کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔ساکت چوہدری کی زیر ہدایت بننے والی فلم کی کہانی معاشرے میں رائج انگریزی معیار تعلیم کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں صبا قمر اور عرفان خان نے ایسے والدین کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی بیٹی کو انگلش میڈیم اسکول میں داخل کروانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور اس کوشش میں انہیں کن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کیسے وہ مزاحیہ انداز میں ان مشکلات کا حل نکالتے ہیں، ان کی یہی کوشش شائقین کو بھا گئی۔واضح رہے کہ ہندی میڈیم سے قبل عامر خان کی فلمیں سیکریٹ سپر اسٹار، دنگلاور سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان بھی چائنیز باکس آفس پر کمال کرچکی ہیں۔
\