اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے سکھ یاتریوں کو بھارتی ہائی کمشنر سے ملنے سے روکنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات کے جواب میں دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ حقائق کو مکمل طور پر مسخ کر کے پیش کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکریٹری نے بھارتی ہائی کمشنر کو گوردوارہ پنجہ صاحب میں گذشتہ روز ہونے والی بیساکھی کی مرکزی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
وزارت خارجہ نے جمعہ کو بروقت دعوت نامہ بھیجا تھا اور سفری اجازت دی تھی تاہم مرکزی تقریب سے قبل متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے وہاں دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں میں سے زیادہ تر میں بھارت میں بابا گرونانک دیوجی کے بارے میں ریلیز ہونے والی فلم کے حوالے سے سخت غم و غصہ محسوس کیا۔