منی سوٹا(ویب ڈیسک) امریکی جنگل میں مشروم تلاش کرنے والوں نے ایک اور اہم شے دریافت کرلی جو انسان کی جدید تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ انہوں نے ہرن کا ایک ایسا بچہ کھوج نکالا جس کے دو مکمل سر تھے۔ ماہرین نے اسے ایک نایاب دریافت قرار دیا ہے۔ماہرین نے اسے ایک کی بجائے دو ایسے ہرن قرار دیا ہے جو سفید دم والے ہرنوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے سر مکمل طور پر جڑے ہیں جس کی سائنسی تفصیلات امریکن مڈلینڈ نیچرلسٹ میں شائع ہوئی ہیں۔’ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ اس سے قبل دو سر والے جنین ( فیٹس) تو رپورٹ ہوئے ہیں لیکن مکمل طور پر دو سر والا کوئی ہرن اب تک نہیں دیکھا گیا اور اسی وجہ سے یہ ایک نایاب ترین دریافت ہے،‘ ہرن پر تحقیق کرنے والے حیاتیات داں ڈاکٹر لو کورنیسیلی نے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہرن ماں کے پیٹ میں اپنی مدت مکمل کرکے دنیا میں آئے ہیں۔ایکسرے اور ایم آر آئی سے معلوم ہوا ہے کہ دو الگ الگ گردنیں ریڑھ کی ہڈی میں جاکر باہم پیوست ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ دریافت مئی 2016 میں اس وقت ہوئی تھی جب مشروم تلاش کرنے والے افراد کو یہ ہرن برف میں منجمد ملا تھا۔ ماہرین نے اسے نارمل حالت میں لاکر سی ٹی، ایکسرے اور ایم آر آئی کی جس کی تفصیلات حال ہی میں شائع ہوئی ہیں۔یونیورسٹی آف جارجیا کے سائنسدانوں کے مطابق ہرن کے جسم پر بال نارمل ہیں، اس میں دو تلیاں ہیں اور آنتوں کے راستے بھی دو ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان کی ماں نے انہیں بچانے اور پالنے کی بھرپور کوشش کی ہوگی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔