ممبئی( ویب ڈیسک ) بھارت نے پاکستان میں تعینات رہنے والی اپنی ہی سفارت کار کو ’جاسوس‘ قرار دے دیا۔گزشتہ روز نیو دہلی کی عدالت نے جاسوسی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قراردیا ہے کہ اسلام آبادمیں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات رہنے والی سفارت کار مادھوری گپتا ملک کی خفیہ دستاویزات پاکستان کو فراہم کرنے کی مرتکب ہوئی ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج سدھارتھ شرماکے مطابق مادھوری گپتا اسلام آباد میں اپنی تعیناتی کے دوران دفاع، وزارت داخلہ اور بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اہم افسران اور ان کے خاندانوں کے بارے میں تفصیلات پاکستان کی خفیہ ایجنسی کو فراہم کرتی رہی ہیں۔جس کی وجہ سے ان افسران کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔






































