ایڈنبرا(نیوزایجنسیاں)پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلامیچ (آج)منگل کوایڈنبرا میں کھیلا جائے گا، پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نہیں نئے کھلاڑی ہیں اور ہوم گراونڈ پر سب کو فائدہ حاصل ہوتا ہے اس لئے کوئی بھی غلطی نہیں کی جاسکتی ، پوری ٹیم فوکسڈ ہوکر کھیلے گی۔پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی پاکستانی وقت کے مطابق رات 8بجے شروع ہوگا۔سکاٹش ٹیم نے گزشتہ روز انگلینڈ کو 6رنز سے ہرا کر پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، گرین شرٹس کی تیاریاں عروج پر ہیں، بیٹنگ، بولنگ سمیت تمام شعبوں میں خوب ٹریننگ جاری ہے۔پاکستان اور سکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں11 سال بعد ٹی 20 انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک واحد میچ 2007 ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلا گیا جس میں گرین شرٹس نے 51 رنز سے فتح حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا (آج)منگل سے آغاز ہو رہا ہے۔ سکاٹش ٹیم نے سیریز سے قبل سرفراز الیون کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 371رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ انگلش پلیئرز نے مزاحمت تو اچھی دکھائی لیکن مطلوبہ ہدف کا تعاقب نہ کر سکے، سکاٹ لینڈ نے 6رنز سے فتح سمیٹ کر بڑا اپ سیٹ کیا۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز سے قبل شاہینوں نے ایڈنبرا میں خوب پریکٹس کی۔ قومی بلے بازوں نے بیٹنگ کی خامیوں کو دور کیا جبکہ عثمان شنواری، شاداب خان اور حسن علی نے بالنگ میں خوب پسینا بہایا۔ فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ پریکٹس سے بہت فائدہ ہورہا ہے اور وہ اپنی بالنگ سے مطمئن ہیں۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹی 20کرکٹ میچ 13 جون کو کھلا جائیگا۔ٹی 20سیریز کے دونوں میچز ایڈن برگ کے مقام پر کھیلے جائینگے۔ اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ۔ پاکستان ٹیم نے پہلے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دی تاہم دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو ایک اننگز اور 55 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
