کراچی (ویب ڈیسک ) لیجنڈ کرکٹر شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر جانوروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا پیغام دینے کے لیے دو تصاویر سوشل میڈیا پرشیئر کیں تاہم وہ تصاویر الٹا ان کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی ہیں۔شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کیں۔ ایک تصویر میں آفریدی ہرن کے بچےکو اپنی گود میں لے کر فیڈر سے دودھ پلا رہے ہیں۔ دوسری تصویر ان کی بیٹی کی ہے جو آفریدی کا مشہور زمانہ فتح کا نشان بنائے کھڑی ہے جو وہ وکٹ لینے کے بعد بناتے ہیں۔ یہاں تک تو معاملہ ٹھیک تھا۔ لیکن شاہد آفریدی کی بیٹی کے پیچھے اور گھر کے اندر ایک زندہ شیر بیٹھا غرا رہا ہے۔
شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کے ساتھ پیغام دیا کہ پیاروں کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگتا ہے۔ جب میری بیٹی میرے وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے انداز کی نقل کرتی ہے تو بہت اچھا لگتا ہے، اور جانوروں کا خیال رکھنا نہ بھولیں، وہ بھی ہماری محبت و دیکھ بھال کے حقدار ہیں۔